کیٹگریز مینو
س

ساحر لدھیانوی

0کتب
50شاعری
0مضامین
شیئر کریں: WhatsApp Facebook
تمام تخلیقات 50 کتب 0 شاعری 50 مضامین 0

ساحر لدھیانوی کی کتب

0 کتب
اس مصنف کی فی الحال کوئی کتاب موجود نہیں ہے۔

ساحر لدھیانوی کی شاعری

50 تخلیقات
اردو غزل

یہ زلف اگر کھل کے بکھر جائے تو اچھا

یہ زلف اگر کھل کے بکھر جائے تو اچھا اس رات کی تقدیر سنور جائے تو اچھا جس طرح سے تھوڑی سی ترے ساتھ کٹی ہے باقی بھی اسی طرح گزر جائے تو اچھا دنیا کی نگاہوں میں بھلا کیا ہے برا کیا یہ بوجھ اگر دل سے اتر جائے تو اچھا ویسے تو تمہیں نے مجھے برباد کیا ہے الزام کسی اور کے سر جائے تو اچھا
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

یہ زمیں کس قدر سجائی گئی

یہ زمیں کس قدر سجائی گئی زندگی کی تڑپ بڑھائی گئی آئینے سے بگڑ کے بیٹھ گئے جن کی صورت جنہیں دکھائی گئی دشمنوں ہی سے بھی تو نبھ جائے دوستوں سے تو آشنائی گئی نسل در نسل انتظار رہا قصر ٹوٹے نہ بے نوائی گئی زندگی کا نصیب کیا کہئے ایک سیتا تھی جو ستائی گئی ہم نہ اوتار تھے نہ پیغمبر کیوں یہ عظمت ہمیں دلائی گئی موت پائی صلیب پر ہم نے عمر بن باس میں بتائی گئی
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

یہ وادیاں یہ فضائیں بلا رہی ہیں تمہیں

یہ وادیاں یہ فضائیں بلا رہی ہیں تمہیں خموشیوں کی صدائیں بلا رہی ہیں تمہیں ترس رہے ہیں جواں پھول ہونٹ چھونے کو مچل مچل کے ہوائیں بلا رہی ہیں تمہیں تمہاری زلفوں سے خوشبو کی بھیک لینے کو جھکی جھکی سی گھٹائیں بلا رہی ہیں تمہیں حسین چمپئی پیروں کو جب سے دیکھا ہے ندی کی مست ادائیں بلا رہی ہیں تمہیں مرا کہا نہ سنو ان کی بات تو سن لو ہر ایک دل کی دعائیں بلا رہی ہیں تمہیں
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

تم اپنا رنج و غم اپنی پریشانی مجھے دے دو

تم اپنا رنج و غم اپنی پریشانی مجھے دے دو تمہیں غم کی قسم اس دل کی ویرانی مجھے دے دو یہ مانا میں کسی قابل نہیں ہوں ان نگاہوں میں برا کیا ہے اگر یہ دکھ یہ حیرانی مجھے دے دو میں دیکھوں تو سہی دنیا تمہیں کیسے ستاتی ہے کوئی دن کے لئے اپنی نگہبانی مجھے دے دو وہ دل جو میں نے مانگا تھا مگر غیروں نے پایا ہے بڑی شے ہے اگر اس کی پشیمانی مجھے دے دو
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

توڑ لیں گے ہر اک شے سے رشتہ توڑ دینے کی نوبت تو آئے

توڑ لیں گے ہر اک شے سے رشتہ توڑ دینے کی نوبت تو آئے ہم قیامت کے خود منتظر ہیں پر کسی دن قیامت تو آئے ہم بھی سقراط ہیں عہد نو کے تشنہ لب ہی نہ مر جائیں یارو زہر ہو یا مئے آتشیں ہو کوئی جام شہادت تو آئے ایک تہذیب ہے دوستی کی ایک معیار ہے دشمنی کا دوستوں نے مروت نہ سیکھی دشمنوں کو عداوت تو آئے رند رستے میں آنکھیں بچھائیں جو کہے بن سنے مان جائیں ناصح نیک طینت کسی شب سوئے کوئے ملامت تو آئے علم و تہذیب تاریخ و منطق لوگ سوچیں گے ان مسئلوں پر زندگی کے مشقت کدے میں کوئی عہد فراغت تو آئے کانپ اٹھیں قصر شاہی کے گنبد تھرتھرائے زمیں معبدوں کی کوچہ گردوں کی وحشت تو جاگے غم زدوں کو بغاوت تو آئے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

تری دنیا میں جینے سے تو بہتر ہے کہ مر جائیں

تری دنیا میں جینے سے تو بہتر ہے کہ مر جائیں وہی آنسو وہی آہیں وہی غم ہے جدھر جائیں کوئی تو ایسا گھر ہوتا جہاں سے پیار مل جاتا وہی بیگانے چہرے ہیں جہاں جائیں جدھر جائیں ارے او آسماں والے بتا اس میں برا کیا ہے خوشی کے چار جھونکے گر ادھر سے بھی گزر جائیں
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

طرب زاروں پہ کیا بیتی صنم خانوں پہ کیا گزری

طرب زاروں پہ کیا بیتی صنم خانوں پہ کیا گزری دل زندہ ترے مرحوم ارمانوں پہ کیا گزری زمیں نے خون اگلا آسماں نے آگ برسائی جب انسانوں کے دل بدلے تو انسانوں پہ کیا گزری ہمیں یہ فکر ان کی انجمن کس حال میں ہوگی انہیں یہ غم کہ ان سے چھٹ کے دیوانوں پہ کیا گزری مرا الحاد تو خیر ایک لعنت تھا سو ہے اب تک مگر اس عالم وحشت میں ایمانوں پہ کیا گزری یہ منظر کون سا منظر ہے پہچانا نہیں جاتا سیہ خانوں سے کچھ پوچھو شبستانوں پہ کیا گزری چلو وہ کفر کے گھر سے سلامت آ گئے لیکن خدا کی مملکت میں سوختہ جانوں پہ کیا گزری
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

تنگ آ چکے ہیں کشمکش زندگی سے ہم

تنگ آ چکے ہیں کشمکش زندگی سے ہم ٹھکرا نہ دیں جہاں کو کہیں بے دلی سے ہم مایوسئ مآل محبت نہ پوچھیے اپنوں سے پیش آئے ہیں بیگانگی سے ہم لو آج ہم نے توڑ دیا رشتۂ امید لو اب کبھی گلہ نہ کریں گے کسی سے ہم ابھریں گے ایک بار ابھی دل کے ولولے گو دب گئے ہیں بار غم زندگی سے ہم گر زندگی میں مل گئے پھر اتفاق سے پوچھیں گے اپنا حال تری بے بسی سے ہم اللہ رے فریب مشیت کہ آج تک دنیا کے ظلم سہتے رہے خامشی سے ہم
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

شرما کے یوں نہ دیکھ ادا کے مقام سے

شرما کے یوں نہ دیکھ ادا کے مقام سے اب بات بڑھ چکی ہے حیا کے مقام سے تصویر کھینچ لی ہے ترے شوخ حسن کی میری نظر نے آج خطا کے مقام سے دنیا کو بھول کر مری بانہوں میں جھول جا آواز دے رہا ہوں وفا کے مقام سے دل کے معاملے میں نتیجے کی فکر کیا آگے ہے عشق جرم و سزا کے مقام سے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

سزا کا حال سنائیں جزا کی بات کریں

سزا کا حال سنائیں جزا کی بات کریں خدا ملا ہو جنہیں وہ خدا کی بات کریں انہیں پتہ بھی چلے اور وہ خفا بھی نہ ہوں اس احتیاط سے کیا مدعا کی بات کریں ہمارے عہد کی تہذیب میں قبا ہی نہیں اگر قبا ہو تو بند قبا کی بات کریں ہر ایک دور کا مذہب نیا خدا لایا کریں تو ہم بھی مگر کس خدا کی بات کریں وفا شعار کئی ہیں کوئی حسیں بھی تو ہو چلو پھر آج اسی بے وفا کی بات کریں
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

سنسار سے بھاگے پھرتے ہو بھگوان کو تم کیا پاؤ گے

سنسار سے بھاگے پھرتے ہو بھگوان کو تم کیا پاؤ گے اس لوک کو بھی اپنا نہ سکے اس لوک میں بھی پچھتاؤ گے یہ پاپ ہے کیا یہ پن ہے کیا ریتوں پر دھرم کی مہریں ہیں ہر یگ میں بدلتے دھرموں کو کیسے آدرش بناؤ گے یہ بھوگ بھی ایک تپسیا ہے تم تیاگ کے مارے کیا جانو اپمان رچیتا کا ہوگا رچنا کو اگر ٹھکراؤ گے ہم کہتے ہیں یہ جگ اپنا ہے تم کہتے ہو جھوٹا سپنا ہے ہم جنم بتا کر جائیں گے تم جنم گنوا کر جاؤ گے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

سنسار کی ہر شے کا اتنا ہی فسانہ ہے

سنسار کی ہر شے کا اتنا ہی فسانہ ہے اک دھند سے آنا ہے اک دھند میں جانا ہے یہ راہ کہاں سے ہے یہ راہ کہاں تک ہے یہ راز کوئی راہی سمجھا ہے نہ جانا ہے اک پل کی پلک پر ہے ٹھہری ہوئی یہ دنیا اک پل کے جھپکنے تک ہر کھیل سہانا ہے کیا جانے کوئی کس پر کس موڑ پر کیا بیتے اس راہ میں اے راہی ہر موڑ بہانا ہے ہم لوگ کھلونا ہیں اک ایسے کھلاڑی کا جس کو ابھی صدیوں تک یہ کھیل رچانا ہے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

صدیوں سے انسان یہ سنتا آیا ہے

صدیوں سے انسان یہ سنتا آیا ہے دکھ کی دھوپ کے آگے سکھ کا سایا ہے ہم کو ان سستی خوشیوں کا لوبھ نہ دو ہم نے سوچ سمجھ کر غم اپنایا ہے جھوٹ تو قاتل ٹھہرا اس کا کیا رونا سچ نے بھی انساں کا خوں بہایا ہے پیدائش کے دن سے موت کی زد میں ہیں اس مقتل میں کون ہمیں لے آیا ہے اول اول جس دل نے برباد کیا آخر آخر وہ دل ہی کام آیا ہے اتنے دن احسان کیا دیوانوں پر جتنے دن لوگوں نے ساتھ نبھایا ہے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

پونچھ کر اشک اپنی آنکھوں سے مسکراؤ تو کوئی بات بنے

پونچھ کر اشک اپنی آنکھوں سے مسکراؤ تو کوئی بات بنے سر جھکانے سے کچھ نہیں ہوتا سر اٹھاؤ تو کوئی بات بنے زندگی بھیک میں نہیں ملتی زندگی بڑھ کے چھینی جاتی ہے اپنا حق سنگ دل زمانے سے چھین پاؤ تو کوئی بات بنے رنگ اور نسل ذات اور مذہب جو بھی ہے آدمی سے کمتر ہے اس حقیقت کو تم بھی میری طرح مان جاؤ تو کوئی بات بنے نفرتوں کے جہان میں ہم کو پیار کی بستیاں بسانی ہیں دور رہنا کوئی کمال نہیں پاس آؤ تو کوئی بات بنے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

پربتوں کے پیڑوں پر شام کا بسیرا ہے

پربتوں کے پیڑوں پر شام کا بسیرا ہے سرمئی اجالا ہے چمپئی اندھیرا ہے دونوں وقت ملتے ہیں دو دلوں کی صورت سے آسماں نے خوش ہو کر رنگ سا بکھیرا ہے ٹھہرے ٹھہرے پانی میں گیت سرسراتے ہیں بھیگے بھیگے جھونکوں میں خوشبوؤں کا ڈیرا ہے کیوں نہ جذب ہو جائیں اس حسیں نظارے میں روشنی کا جھرمٹ ہے مستیوں کا گھیرا ہے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

نہ تو زمیں کے لئے ہے نہ آسماں کے لیے

نہ تو زمیں کے لئے ہے نہ آسماں کے لیے ترا وجود ہے اب صرف داستاں کے لیے پلٹ کے سوئے چمن دیکھنے سے کیا ہوگا وہ شاخ ہی نہ رہی جو تھی آشیاں کے لیے غرض پرست جہاں میں وفا تلاش نہ کر یہ شے بنی تھی کسی دوسرے جہاں کے لیے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

محبت ترک کی میں نے گریباں سی لیا میں نے

محبت ترک کی میں نے گریباں سی لیا میں نے زمانے اب تو خوش ہو زہر یہ بھی پی لیا میں نے ابھی زندہ ہوں لیکن سوچتا رہتا ہوں خلوت میں کہ اب تک کس تمنا کے سہارے جی لیا میں نے انہیں اپنا نہیں سکتا مگر اتنا بھی کیا کم ہے کہ کچھ مدت حسیں خوابوں میں کھو کر جی لیا میں نے بس اب تو دامن دل چھوڑ دو بے کار امیدو بہت دکھ سہہ لیے میں نے بہت دن جی لیا میں نے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

ملتی ہے زندگی میں محبت کبھی کبھی

ملتی ہے زندگی میں محبت کبھی کبھی ہوتی ہے دلبروں کی عنایت کبھی کبھی شرما کے منہ نہ پھیر نظر کے سوال پر لاتی ہے ایسے موڑ پہ قسمت کبھی کبھی کھلتے نہیں ہیں روز دریچے بہار کے آتی ہے جان من یہ قیامت کبھی کبھی تنہا نہ کٹ سکیں گے جوانی کے راستے پیش آئے گی کسی کی ضرورت کبھی کبھی پھر کھو نہ جائیں ہم کہیں دنیا کی بھیڑ میں ملتی ہے پاس آنے کی مہلت کبھی کبھی
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

میری تقدیر میں جلنا ہے تو جل جاؤں گا

میری تقدیر میں جلنا ہے تو جل جاؤں گا تیرا وعدہ تو نہیں ہوں جو بدل جاؤں گا سوز بھر دو مرے سپنے میں غم الفت کا میں کوئی موم نہیں ہوں جو پگھل جاؤں گا درد کہتا ہے یہ گھبرا کے شب فرقت میں آہ بن کر ترے پہلو سے نکل جاؤں گا مجھ کو سمجھاؤ نہ ساحرؔ میں اک دن خود ہی ٹھوکریں کھا کے محبت میں سنبھل جاؤں گا
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

میں زندگی کا ساتھ نبھاتا چلا گیا

میں زندگی کا ساتھ نبھاتا چلا گیا ہر فکر کو دھوئیں میں اڑاتا چلا گیا بربادیوں کا سوگ منانا فضول تھا بربادیوں کا جشن مناتا چلا گیا جو مل گیا اسی کو مقدر سمجھ لیا جو کھو گیا میں اس کو بھلاتا چلا گیا غم اور خوشی میں فرق نہ محسوس ہو جہاں میں دل کو اس مقام پہ لاتا چلا گیا
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

میں زندہ ہوں یہ مشتہر کیجیے

میں زندہ ہوں یہ مشتہر کیجیے مرے قاتلوں کو خبر کیجیے زمیں سخت ہے آسماں دور ہے بسر ہو سکے تو بسر کیجیے ستم کے بہت سے ہیں رد عمل ضروری نہیں چشم تر کیجیے وہی ظلم بار دگر ہے تو پھر وہی جرم بار دگر کیجیے قفس توڑنا بعد کی بات ہے ابھی خواہش بال و پر کیجیے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

لب پہ پابندی تو ہے احساس پر پہرا تو ہے

لب پہ پابندی تو ہے احساس پر پہرا تو ہے پھر بھی اہل دل کو احوال بشر کہنا تو ہے خون اعدا سے نہ ہو خون شہیداں ہی سے ہو کچھ نہ کچھ اس دور میں رنگ چمن نکھرا تو ہے اپنی غیرت بیچ ڈالیں اپنا مسلک چھوڑ دیں رہنماؤں میں بھی کچھ لوگوں کا یہ منشا تو ہے ہے جنہیں سب سے زیادہ دعویٔ حب الوطن آج ان کی وجہ سے حب وطن رسوا تو ہے بجھ رہے ہیں ایک اک کر کے عقیدوں کے دیے اس اندھیرے کا بھی لیکن سامنا کرنا تو ہے جھوٹ کیوں بولیں فروغ مصلحت کے نام پر زندگی پیاری سہی لیکن ہمیں مرنا تو ہے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

کیا جانیں تری امت کس حال کو پہنچے گی

کیا جانیں تری امت کس حال کو پہنچے گی بڑھتی چلی جاتی ہے تعداد اماموں کی ہر گوشۂ مغرب میں ہر خطۂ مشرق میں تشریح دگرگوں ہے اب تیرے پیاموں کی وہ لوگ جنہیں کل تک دعویٰ تھا رفاقت کا تذلیل پہ اترے ہیں اپنوں ہی کے ناموں کی بگڑے ہوئے تیور ہیں نو عمر سیاست کے بپھری ہوئی سانسیں ہیں نو مشق نظاموں کی طبقوں سے نکل کر ہم فرقوں میں نہ بٹ جائیں بن کر نہ بگڑ جائے تقدیر غلاموں کی
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

خودداریوں کے خون کو ارزاں نہ کر سکے

خودداریوں کے خون کو ارزاں نہ کر سکے ہم اپنے جوہروں کو نمایاں نہ کر سکے ہو کر خراب مے ترے غم تو بھلا دیے لیکن غم حیات کا درماں نہ کر سکے ٹوٹا طلسم عہد محبت کچھ اس طرح پھر آرزو کی شمع فروزاں نہ کر سکے ہر شے قریب آ کے کشش اپنی کھو گئی وہ بھی علاج شوق گریزاں نہ کر سکے کس درجہ دل شکن تھے محبت کے حادثے ہم زندگی میں پھر کوئی ارماں نہ کر سکے مایوسیوں نے چھین لیے دل کے ولولے وہ بھی نشاط روح کا ساماں نہ کر سکے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

کبھی خود پہ کبھی حالات پہ رونا آیا

کبھی خود پہ کبھی حالات پہ رونا آیا بات نکلی تو ہر اک بات پہ رونا آیا ہم تو سمجھے تھے کہ ہم بھول گئے ہیں ان کو کیا ہوا آج یہ کس بات پہ رونا آیا کس لیے جیتے ہیں ہم کس کے لیے جیتے ہیں بارہا ایسے سوالات پہ رونا آیا کون روتا ہے کسی اور کی خاطر اے دوست سب کو اپنی ہی کسی بات پہ رونا آیا
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

جرم الفت پہ ہمیں لوگ سزا دیتے ہیں

جرم الفت پہ ہمیں لوگ سزا دیتے ہیں کیسے نادان ہیں شعلوں کو ہوا دیتے ہیں ہم سے دیوانے کہیں ترک وفا کرتے ہیں جان جائے کہ رہے بات نبھا دیتے ہیں آپ دولت کے ترازو میں دلوں کو تولیں ہم محبت سے محبت کا صلہ دیتے ہیں تخت کیا چیز ہے اور لعل و جواہر کیا ہیں عشق والے تو خدائی بھی لٹا دیتے ہیں ہم نے دل دے بھی دیا عہد وفا لے بھی لیا آپ اب شوق سے دے لیں جو سزا دیتے ہیں
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

جب کبھی ان کی توجہ میں کمی پائی گئی

جب کبھی ان کی توجہ میں کمی پائی گئی از سر نو داستان شوق دہرائی گئی بک گئے جب تیرے لب پھر تجھ کو کیا شکوہ اگر زندگانی بادہ و ساغر سے بہلائی گئی اے غم دنیا تجھے کیا علم تیرے واسطے کن بہانوں سے طبیعت راہ پر لائی گئی ہم کریں ترک وفا اچھا چلو یوں ہی سہی اور اگر ترک وفا سے بھی نہ رسوائی گئی کیسے کیسے چشم و عارض گرد غم سے بجھ گئے کیسے کیسے پیکروں کی شان زیبائی گئی دل کی دھڑکن میں توازن آ چلا ہے خیر ہو میری نظریں بجھ گئیں یا تیری رعنائی گئی ان کا غم ان کا تصور ان کے شکوے اب کہاں اب تو یہ باتیں بھی اے دل ہو گئیں آئی گئی جرأت انساں پہ گو تادیب کے پہرے رہے فطرت انساں کو کب زنجیر پہنائی گئی عرصۂ ہستی میں اب تیشہ زنوں کا دور ہے رسم چنگیزی اٹھی توقیر دارائی گئی
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

اتنی حسین اتنی جواں رات کیا کریں

اتنی حسین اتنی جواں رات کیا کریں جاگے ہیں کچھ عجیب سے جذبات کیا کریں پیڑوں کے بازوؤں میں مہکتی ہے چاندنی بے چین ہو رہے ہیں خیالات کیا کریں سانسوں میں گھل رہی ہے کسی سانس کی مہک دامن کو چھو رہا ہے کوئی ہات کیا کریں شاید تمہارے آنے سے یہ بھید کھل سکے حیران ہیں کہ آج نئی بات کیا کریں
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

اس طرف سے گزرے تھے قافلے بہاروں کے

اس طرف سے گزرے تھے قافلے بہاروں کے آج تک سلگتے ہیں زخم رہ گزاروں کے خلوتوں کے شیدائی خلوتوں میں کھلتے ہیں ہم سے پوچھ کر دیکھو راز پردہ داروں کے گیسوؤں کی چھاؤں میں دل نواز چہرے ہیں یا حسیں دھندلکوں میں پھول ہیں بہاروں کے پہلے ہنس کے ملتے ہیں پھر نظر چراتے ہیں آشنا صفت ہیں لوگ اجنبی دیاروں کے تم نے صرف چاہا ہے ہم نے چھو کے دیکھے ہیں پیرہن گھٹاؤں کے جسم برق پاروں کے شغل مے پرستی گو جشن نامرادی تھا یوں بھی کٹ گئے کچھ دن تیرے سوگواروں کے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

ہوس نصیب نظر کو کہیں قرار نہیں

ہوس نصیب نظر کو کہیں قرار نہیں میں منتظر ہوں مگر تیرا انتظار نہیں ہمیں سے رنگ گلستاں ہمیں سے رنگ بہار ہمیں کو نظم گلستاں پہ اختیار نہیں ابھی نہ چھیڑ محبت کے گیت اے مطرب ابھی حیات کا ماحول خوش گوار نہیں تمہارے عہد وفا کو میں عہد کیا سمجھوں مجھے خود اپنی محبت پہ اعتبار نہیں نہ جانے کتنے گلے اس میں مضطرب ہیں ندیم وہ ایک دل جو کسی کا گلہ گزار نہیں گریز کا نہیں قائل حیات سے لیکن جو سچ کہوں کہ مجھے موت ناگوار نہیں یہ کس مقام پہ پہنچا دیا زمانے نے کہ اب حیات پہ تیرا بھی اختیار نہیں
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

ہر طرح کے جذبات کا اعلان ہیں آنکھیں

ہر طرح کے جذبات کا اعلان ہیں آنکھیں شبنم کبھی شعلہ کبھی طوفان ہیں آنکھیں آنکھوں سے بڑی کوئی ترازو نہیں ہوتی تلتا ہے بشر جس میں وہ میزان ہیں آنکھیں آنکھیں ہی ملاتی ہیں زمانے میں دلوں کو انجان ہیں ہم تم اگر انجان ہیں آنکھیں لب کچھ بھی کہیں اس سے حقیقت نہیں کھلتی انسان کے سچ جھوٹ کی پہچان ہیں آنکھیں آنکھیں نہ جھکیں تیری کسی غیر کے آگے دنیا میں بڑی چیز مری جان! ہیں آنکھیں
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

ہر قدم مرحلۂ دار و صلیب آج بھی ہے

ہر قدم مرحلۂ دار و صلیب آج بھی ہے جو کبھی تھا وہی انساں کا نصیب آج بھی ہے جگمگاتے ہیں افق پر یہ ستارے لیکن راستہ منزل ہستی کا مہیب آج بھی ہے سر مقتل جنہیں جانا تھا وہ جا بھی پہنچے سر منبر کوئی محتاط خطیب آج بھی ہے اہل دانش نے جسے امر مسلم مانا اہل دل کے لیے وہ بات عجیب آج بھی ہے یہ تری یاد ہے یا میری اذیت کوشی ایک نشتر سا رگ جاں کے قریب آج بھی ہے کون جانے یہ ترا شاعر آشفتہ مزاج کتنے مغرور خداؤں کا رقیب آج بھی ہے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

ہر چند مری قوت گفتار ہے محبوس

ہر چند مری قوت گفتار ہے محبوس خاموش مگر طبع خود آرا نہیں ہوتی معمورۂ احساس میں ہے حشر سا برپا انسان کی تذلیل گوارا نہیں ہوتی نالاں ہوں میں بیداریٔ احساس کے ہاتھوں دنیا مرے افکار کی دنیا نہیں ہوتی بیگانہ صفت جادۂ منزل سے گزر جا ہر چیز سزاوار نظارہ نہیں ہوتی فطرت کی مشیت بھی بڑی چیز ہے لیکن فطرت کبھی بے بس کا سہارا نہیں ہوتی
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

گلشن گلشن پھول

گلشن گلشن پھول دامن دامن دھول مرنے پر تعزیر جینے پر محصول ہر جذبہ مصلوب ہر خواہش مقتول عشق پریشاں حال ناز حسن ملول نعرۂ حق معتوب مکر و ریا مقبول سنورا نہیں جہاں آئے کئی رسول
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

فن جو نادار تک نہیں پہنچا

فن جو نادار تک نہیں پہنچا ابھی معیار تک نہیں پہنچا اس نے بر وقت بے رخی برتی شوق آزار تک نہیں پہنچا عکس مے ہو کہ جلوۂ گل ہو رنگ رخسار تک نہیں پہنچا حرف انکار سر بلند رہا ضعف اقرار تک نہیں پہنچا حکم سرکار کی پہنچ مت پوچھ اہل سرکار تک نہیں پہنچا عدل گاہیں تو دور کی شے ہیں قتل اخبار تک نہیں پہنچا انقلابات دہر کی بنیاد حق جو حق دار تک نہیں پہنچا وہ مسیحا نفس نہیں جس کا سلسلہ دار تک نہیں پہنچا
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

دور رہ کر نہ کرو بات قریب آ جاؤ

دور رہ کر نہ کرو بات قریب آ جاؤ یاد رہ جائے گی یہ رات قریب آ جاؤ ایک مدت سے تمنا تھی تمہیں چھونے کی آج بس میں نہیں جذبات قریب آ جاؤ سرد جھونکوں سے بھڑکتے ہیں بدن میں شعلے جان لے لے گی یہ برسات قریب آ جاؤ اس قدر ہم سے جھجکنے کی ضرورت کیا ہے زندگی بھر کا ہے اب ساتھ قریب آ جاؤ
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

دیکھا تو تھا یوں ہی کسی غفلت شعار نے

دیکھا تو تھا یوں ہی کسی غفلت شعار نے دیوانہ کر دیا دل بے اختیار نے اے آرزو کے دھندلے خرابو جواب دو پھر کس کی یاد آئی تھی مجھ کو پکارنے تجھ کو خبر نہیں مگر اک سادہ لوح کو برباد کر دیا ترے دو دن کے پیار نے میں اور تم سے ترک محبت کی آرزو دیوانہ کر دیا ہے غم روزگار نے اب اے دل تباہ ترا کیا خیال ہے ہم تو چلے تھے کاکل گیتی سنوارنے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

دیکھا ہے زندگی کو کچھ اتنے قریب سے

دیکھا ہے زندگی کو کچھ اتنے قریب سے چہرے تمام لگنے لگے ہیں عجیب سے اے روح عصر جاگ کہاں سو رہی ہے تو آواز دے رہے ہیں پیمبر صلیب سے اس رینگتی حیات کا کب تک اٹھائیں بار بیمار اب الجھنے لگے ہیں طبیب سے ہر گام پر ہے مجمع عشاق منتظر مقتل کی راہ ملتی ہے کوئے حبیب سے اس طرح زندگی نے دیا ہے ہمارا ساتھ جیسے کوئی نباہ رہا ہو رقیب سے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

دیکھا ہے زندگی کو کچھ اتنا قریب سے

دیکھا ہے زندگی کو کچھ اتنا قریب سے چہرے تمام لگنے لگے ہیں عجیب سے کہنے کو دل کی بات جنہیں ڈھونڈتے تھے ہم محفل میں آ گئے ہیں وہ اپنے نصیب سے نیلام ہو رہا تھا کسی نازنیں کا پیار قیمت نہیں چکائی گئی اک غریب سے تیری وفا کی لاش پہ لا میں ہی ڈال دوں ریشم کا یہ کفن جو ملا ہے رقیب سے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

چہرے پہ خوشی چھا جاتی ہے آنکھوں میں سرور آ جاتا ہے

چہرے پہ خوشی چھا جاتی ہے آنکھوں میں سرور آ جاتا ہے جب تم مجھے اپنا کہتے ہو اپنے پہ غرور آ جاتا ہے تم حسن کی خود اک دنیا ہو شاید یہ تمہیں معلوم نہیں محفل میں تمہارے آنے سے ہر چیز پہ نور آ جاتا ہے ہم پاس سے تم کو کیا دیکھیں تم جب بھی مقابل ہوتے ہو بیتاب نگاہوں کے آگے پردہ سا ضرور آ جاتا ہے جب تم سے محبت کی ہم نے تب جا کے کہیں یہ راز کھلا مرنے کا سلیقہ آتے ہی جینے کا شعور آ جاتا ہے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

بجھا دیے ہیں خود اپنے ہاتھوں محبتوں کے دیے جلا کے

بجھا دیے ہیں خود اپنے ہاتھوں محبتوں کے دیے جلا کے مری وفا نے اجاڑ دی ہیں امید کی بستیاں بسا کے تجھے بھلا دیں گے اپنے دل سے یہ فیصلہ تو کیا ہے لیکن نہ دل کو معلوم ہے نہ ہم کو جئیں گے کیسے تجھے بھلا کے کبھی ملیں گے جو راستے میں تو منہ پھرا کر پلٹ پڑیں گے کہیں سنیں گے جو نام تیرا تو چپ رہیں گے نظر جھکا کے نہ سوچنے پر بھی سوچتی ہوں کہ زندگانی میں کیا رہے گا تری تمنا کو دفن کر کے ترے خیالوں سے دور جا کے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

بھولے سے محبت کر بیٹھا، ناداں تھا بچارا، دل ہی تو ہے

بھولے سے محبت کر بیٹھا، ناداں تھا بچارا، دل ہی تو ہے ہر دل سے خطا ہو جاتی ہے، بگڑو نہ خدارا، دل ہی تو ہے اس طرح نگاہیں مت پھیرو، ایسا نہ ہو دھڑکن رک جائے سینے میں کوئی پتھر تو نہیں احساس کا مارا، دل ہی تو ہے جذبات بھی ہندو ہوتے ہیں چاہت بھی مسلماں ہوتی ہے دنیا کا اشارہ تھا لیکن سمجھا نہ اشارا، دل ہی تو ہے بیداد گروں کی ٹھوکر سے سب خواب سہانے چور ہوئے اب دل کا سہارا غم ہی تو ہے اب غم کا سہارا دل ہی تو ہے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

بھڑکا رہے ہیں آگ لب نغمہ گر سے ہم

بھڑکا رہے ہیں آگ لب نغمہ گر سے ہم خاموش کیا رہیں گے زمانے کے ڈر سے ہم کچھ اور بڑھ گئے جو اندھیرے تو کیا ہوا مایوس تو نہیں ہیں طلوع سحر سے ہم لے دے کے اپنے پاس فقط اک نظر تو ہے کیوں دیکھیں زندگی کو کسی کی نظر سے ہم مانا کہ اس زمیں کو نہ گلزار کر سکے کچھ خار کم تو کر گئے گزرے جدھر سے ہم
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

برباد محبت کی دعا ساتھ لیے جا

برباد محبت کی دعا ساتھ لیے جا ٹوٹا ہوا اقرار وفا ساتھ لیے جا اک دل تھا جو پہلے ہی تجھے سونپ دیا تھا یہ جان بھی اے جان ادا ساتھ لیے جا تپتی ہوئی راہوں سے تجھے آنچ نہ پہنچے دیوانوں کے اشکوں کی گھٹا ساتھ لیے جا شامل ہے مرا خون جگر تیری حنا میں یہ کم ہو تو اب خون وفا ساتھ لیے جا ہم جرم محبت کی سزا پائیں گے تنہا جو تجھ سے ہوئی ہو وہ خطا ساتھ لیے جا
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

بہت گھٹن ہے کوئی صورت بیاں نکلے

بہت گھٹن ہے کوئی صورت بیاں نکلے اگر صدا نہ اٹھے کم سے کم فغاں نکلے فقیر شہر کے تن پر لباس باقی ہے امیر شہر کے ارماں ابھی کہاں نکلے حقیقتیں ہیں سلامت تو خواب بہتیرے ملال کیوں ہو کہ کچھ خواب رائیگاں نکلے ادھر بھی خاک اڑی ہے ادھر بھی خاک اڑی جہاں جہاں سے بہاروں کے کارواں نکلے ستم کے دور میں ہم اہل دل ہی کام آئے زباں پہ ناز تھا جن کو وہ بے زباں نکلے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

عقائد وہم ہیں مذہب خیال خام ہے ساقی

عقائد وہم ہیں مذہب خیال خام ہے ساقی ازل سے ذہن انساں بستۂ اوہام ہے ساقی حقیقت آشنائی اصل میں گم کردہ راہی ہے عروس آگہی پروردۂ ابہام ہے ساقی مبارک ہو ضعیفی کو خرد کی فلسفہ رانی جوانی بے نیاز عبرت انجام ہے ساقی ہوس ہوگی اسیر حلقۂ نیک و بد عالم محبت ماورائے فکر ننگ و نام ہے ساقی ابھی تک راستے کے پیچ و خم سے دل دھڑکتا ہے مرا ذوق طلب شاید ابھی تک خام ہے ساقی وہاں بھیجا گیا ہوں چاک کرنے پردۂ شب کو جہاں ہر صبح کے دامن پہ عکس شام ہے ساقی مرے ساغر میں مے ہے اور ترے ہاتھوں میں بربط ہے وطن کی سر زمیں میں بھوک سے کہرام ہے ساقی زمانہ برسر پیکار ہے پر ہول شعلوں سے ترے لب پر ابھی تک نغمہ خیام ہے ساقی
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

اپنا دل پیش کروں اپنی وفا پیش کروں

اپنا دل پیش کروں اپنی وفا پیش کروں کچھ سمجھ میں نہیں آتا تجھے کیا پیش کروں تیرے ملنے کی خوشی میں کوئی نغمہ چھیڑوں یا ترے درد جدائی کا گلا پیش کروں میرے خوابوں میں بھی تو میرے خیالوں میں بھی تو کون سی چیز تجھے تجھ سے جدا پیش کروں جو ترے دل کو لبھائے وہ ادا مجھ میں نہیں کیوں نہ تجھ کو کوئی تیری ہی ادا پیش کروں
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

اہل دل اور بھی ہیں اہل وفا اور بھی ہیں

اہل دل اور بھی ہیں اہل وفا اور بھی ہیں ایک ہم ہی نہیں دنیا سے خفا اور بھی ہیں ہم پہ ہی ختم نہیں مسلک شوریدہ سری چاک دل اور بھی ہیں چاک قبا اور بھی ہیں کیا ہوا گر مرے یاروں کی زبانیں چپ ہیں میرے شاہد مرے یاروں کے سوا اور بھی ہیں سر سلامت ہے تو کیا سنگ ملامت کی کمی جان باقی ہے تو پیکان قضا اور بھی ہیں منصف شہر کی وحدت پہ نہ حرف آ جائے لوگ کہتے ہیں کہ ارباب جفا اور بھی ہیں
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

اب کوئی گلشن نہ اجڑے اب وطن آزاد ہے

اب کوئی گلشن نہ اجڑے اب وطن آزاد ہے روح گنگا کی ہمالہ کا بدن آزاد ہے کھیتیاں سونا اگائیں وادیاں موتی لٹائیں آج گوتم کی زمیں تلسی کا بن آزاد ہے مندروں میں سنکھ باجے مسجدوں میں ہو اذاں شیخ کا دھرم اور دین برہمن آزاد ہے لوٹ کیسی بھی ہو اب اس دیش میں رہنے نہ پائے آج سب کے واسطے دھرتی کا دھن آزاد ہے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

اب آئیں یا نہ آئیں ادھر پوچھتے چلو

اب آئیں یا نہ آئیں ادھر پوچھتے چلو کیا چاہتی ہے ان کی نظر پوچھتے چلو ہم سے اگر ہے ترک تعلق تو کیا ہوا یارو کوئی تو ان کی خبر پوچھتے چلو جو خود کو کہہ رہے ہیں کہ منزل شناس ہیں ان کو بھی کیا خبر ہے مگر پوچھتے چلو کس منزل مراد کی جانب رواں ہیں ہم اے رہروان خاک بسر پوچھتے چلو
مکمل کلام دیکھیں

ساحر لدھیانوی کے مضامین

0 مضامین
اس مصنف کے منظور شدہ مضامین موجود نہیں ہیں۔
App Icon
ایپ انسٹال کریں
آسان اور تیز ترین مطالعے کے لیے