کیٹگریز مینو
Rekhta Downloader
Coming Soon
و

وسیم بریلوی

0کتب
58شاعری
0مضامین
شیئر کریں: WhatsApp Facebook
تمام تخلیقات 58 کتب 0 شاعری 58 مضامین 0

وسیم بریلوی کی کتب

0 کتب
اس مصنف کی فی الحال کوئی کتاب موجود نہیں ہے۔

وسیم بریلوی کی شاعری

58 تخلیقات
اردو غزل

زندگی تجھ پہ اب الزام کوئی کیا رکھے

زندگی تجھ پہ اب الزام کوئی کیا رکھے اپنا احساس ہی ایسا ہے جو تنہا رکھے کن شکستوں کے شب و روز سے گزرا ہوگا وہ مصور جو ہر اک نقش ادھورا رکھے خشک مٹی ہی نے جب پاؤں جمانے نہ دیئے بہتے دریا سے پھر امید کوئی کیا رکھے آ غم دوست اسی موڑ پہ ہو جاؤں جدا جو مجھے میرا ہی رہنے دے نہ تیرا رکھے آرزوؤں کے بہت خواب تو دیکھو ہو وسیمؔ جانے کس حال میں بے درد زمانہ رکھے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

ذرا سا قطرہ کہیں آج اگر ابھرتا ہے

ذرا سا قطرہ کہیں آج اگر ابھرتا ہے سمندروں ہی کے لہجے میں بات کرتا ہے کھلی چھتوں کے دیئے کب کے بجھ گئے ہوتے کوئی تو ہے جو ہواؤں کے پر کترتا ہے شرافتوں کی یہاں کوئی اہمیت ہی نہیں کسی کا کچھ نہ بگاڑو تو کون ڈرتا ہے یہ دیکھنا ہے کہ صحرا بھی ہے سمندر بھی وہ میری تشنہ لبی کس کے نام کرتا ہے تم آ گئے ہو، تو کچھ چاندنی سی باتیں ہوں زمیں پہ چاند کہاں روز روز اترتا ہے زمیں کی کیسی وکالت ہو پھر نہیں چلتی جب آسماں سے کوئی فیصلہ اترتا ہے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

یہ ہے تو سب کے لیے ہو یہ ضد ہماری ہے

یہ ہے تو سب کے لیے ہو یہ ضد ہماری ہے اس ایک بات پہ دنیا سے جنگ جاری ہے اڑان والو اڑانوں پہ وقت بھاری ہے پروں کی اب کے نہیں حوصلوں کی باری ہے میں قطرہ ہو کے بھی طوفاں سے جنگ لیتا ہوں مجھے بچانا سمندر کی ذمہ داری ہے اسی سے جلتے ہیں صحرائے آرزو میں چراغ یہ تشنگی تو مجھے زندگی سے پیاری ہے کوئی بتائے یہ اس کے غرور بے جا کو وہ جنگ میں نے لڑی ہی نہیں جو ہاری ہے ہر ایک سانس پہ پہرا ہے بے یقینی کا یہ زندگی تو نہیں موت کی سواری ہے دعا کرو کہ سلامت رہے مری ہمت یہ اک چراغ کئی آندھیوں پہ بھاری ہے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

وہ مجھ کو کیا بتانا چاہتا ہے

وہ مجھ کو کیا بتانا چاہتا ہے جو دنیا سے چھپانا چاہتا ہے مجھے دیکھو کہ میں اس کو ہی چاہوں جسے سارا زمانہ چاہتا ہے قلم کرنا کہاں ہے اس کا منشا وہ میرا سر جھکانا چاہتا ہے شکایت کا دھواں آنکھوں سے دل تک تعلق ٹوٹ جانا چاہتا ہے تقاضہ وقت کا کچھ بھی ہو یہ دل وہی قصہ پرانا چاہتا ہے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

وہ میرے گھر نہیں آتا میں اس کے گھر نہیں جاتا

وہ میرے گھر نہیں آتا میں اس کے گھر نہیں جاتا مگر ان احتیاطوں سے تعلق مر نہیں جاتا برے اچھے ہوں جیسے بھی ہوں سب رشتے یہیں کے ہیں کسی کو ساتھ دنیا سے کوئی لے کر نہیں جاتا گھروں کی تربیت کیا آ گئی ٹی وی کے ہاتھوں میں کوئی بچہ اب اپنے باپ کے اوپر نہیں جاتا کھلے تھے شہر میں سو در مگر اک حد کے اندر ہی کہاں جاتا اگر میں لوٹ کے پھر گھر نہیں جاتا محبت کے یہ آنسو ہیں انہیں آنکھوں میں رہنے دو شریفوں کے گھروں کا مسئلہ باہر نہیں جاتا وسیمؔ اس سے کہو دنیا بہت محدود ہے میری کسی در کا جو ہو جائے وہ پھر در در نہیں جاتا
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

اسے سمجھنے کا کوئی تو راستہ نکلے

اسے سمجھنے کا کوئی تو راستہ نکلے میں چاہتا بھی یہی تھا وہ بے وفا نکلے کتاب ماضی کے اوراق الٹ کے دیکھ ذرا نہ جانے کون سا صفحہ مڑا ہوا نکلے میں تجھ سے ملتا تو تفصیل میں نہیں جاتا مری طرف سے ترے دل میں جانے کیا نکلے جو دیکھنے میں بہت ہی قریب لگتا ہے اسی کے بارے میں سوچو تو فاصلہ نکلے تمام شہر کی آنکھوں میں سرخ شعلے ہیں وسیمؔ گھر سے اب ایسے میں کوئی کیا نکلے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

اداسیوں میں بھی رستے نکال لیتا ہے

اداسیوں میں بھی رستے نکال لیتا ہے عجیب دل ہے گروں تو سنبھال لیتا ہے یہ کیسا شخص ہے کتنی ہی اچھی بات کہو کوئی برائی کا پہلو نکال لیتا ہے ڈھلے تو ہوتی ہے کچھ اور احتیاط کی عمر کہ بہتے بہتے یہ دریا اچھال لیتا ہے بڑے بڑوں کی طرح داریاں نہیں چلتیں عروج تیری خبر جب زوال لیتا ہے جب اس کے جام میں اک بوند تک نہیں ہوتی وہ میری پیاس کو پھر بھی سنبھال لیتا ہے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

تو سمجھتا ہے کہ رشتوں کی دہائی دیں گے

تو سمجھتا ہے کہ رشتوں کی دہائی دیں گے ہم تو وہ ہیں ترے چہرے سے دکھائی دیں گے ہم کو محسوس کیا جائے ہے خوشبو کی طرح ہم کوئی شور نہیں ہیں جو سنائی دیں گے فیصلہ لکھا ہوا رکھا ہے پہلے سے خلاف آپ کیا صاحب عدالت میں صفائی دیں گے پچھلی صف میں ہی سہی ہے تو اسی محفل میں آپ دیکھیں گے تو ہم کیوں نہ دکھائی دیں گے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

تمہاری راہ میں مٹی کے گھر نہیں آتے

تمہاری راہ میں مٹی کے گھر نہیں آتے اسی لئے تو تمہیں ہم نظر نہیں آتے محبتوں کے دنوں کی یہی خرابی ہے یہ روٹھ جائیں تو پھر لوٹ کر نہیں آتے جنہیں سلیقہ ہے تہذیب غم سمجھنے کا انہیں کے رونے میں آنسو نظر نہیں آتے خوشی کی آنکھ میں آنسو کی بھی جگہ رکھنا برے زمانے کبھی پوچھ کر نہیں آتے بساط عشق پہ بڑھنا کسے نہیں آتا یہ اور بات کہ بچنے کے گھر نہیں آتے وسیمؔ ذہن بناتے ہیں تو وہی اخبار جو لے کے ایک بھی اچھی خبر نہیں آتے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

تحریر سے ورنہ مری کیا ہو نہیں سکتا

تحریر سے ورنہ مری کیا ہو نہیں سکتا اک تو ہے جو لفظوں میں ادا ہو نہیں سکتا آنکھوں میں خیالات میں سانسوں میں بسا ہے چاہے بھی تو مجھ سے وہ جدا ہو نہیں سکتا جینا ہے تو یہ جبر بھی سہنا ہی پڑے گا قطرہ ہوں سمندر سے خفا ہو نہیں سکتا گمراہ کئے ہوں گے کئی پھول سے جذبے ایسے تو کوئی راہنما ہو نہیں سکتا قد میرا بڑھانے کا اسے کام ملا ہے جو اپنے ہی پیروں پہ کھڑا ہو نہیں سکتا اے پیار ترے حصے میں آیا تری قسمت وہ درد جو چہروں سے ادا ہو نہیں سکتا
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

صرف تیرا نام لے کر رہ گیا

صرف تیرا نام لے کر رہ گیا آج دیوانہ بہت کچھ کہہ گیا کیا مری تقدیر میں منزل نہیں فاصلہ کیوں مسکرا کر رہ گیا زندگی دنیا میں ایسا اشک تھی جو ذرا پلکوں پہ ٹھہرا بہہ گیا اور کیا تھا اس کی پرسش کا جواب اپنے ہی آنسو چھپا کر رہ گیا اس سے پوچھ اے کامیاب زندگی جس کا افسانہ ادھورا رہ گیا ہائے کیا دیوانگی تھی اے وسیمؔ جو نہ کہنا چاہیے تھا کہہ گیا
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

شام تک صبح کی نظروں سے اتر جاتے ہیں

شام تک صبح کی نظروں سے اتر جاتے ہیں اتنے سمجھوتوں پہ جیتے ہیں کہ مر جاتے ہیں پھر وہی تلخئ حالات مقدر ٹھہری نشے کیسے بھی ہوں کچھ دن میں اتر جاتے ہیں اک جدائی کا وہ لمحہ کہ جو مرتا ہی نہیں لوگ کہتے تھے کہ سب وقت گزر جاتے ہیں گھر کی گرتی ہوئی دیواریں ہی مجھ سے اچھی راستہ چلتے ہوئے لوگ ٹھہر جاتے ہیں ہم تو بے نام ارادوں کے مسافر ہیں وسیمؔ کچھ پتہ ہو تو بتائیں کہ کدھر جاتے ہیں
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

سبھی کا دھوپ سے بچنے کو سر نہیں ہوتا

سبھی کا دھوپ سے بچنے کو سر نہیں ہوتا ہر آدمی کے مقدر میں گھر نہیں ہوتا کبھی لہو سے بھی تاریخ لکھنی پڑتی ہے ہر ایک معرکہ باتوں سے سر نہیں ہوتا میں اس کی آنکھ کا آنسو نہ بن سکا ورنہ مجھے بھی خاک میں ملنے کا ڈر نہیں ہوتا مجھے تلاش کروگے تو پھر نہ پاؤ گے میں اک صدا ہوں صداؤں کا گھر نہیں ہوتا ہماری آنکھ کے آنسو کی اپنی دنیا ہے کسی فقیر کو شاہوں کا ڈر نہیں ہوتا میں اس مکان میں رہتا ہوں اور زندہ ہوں وسیمؔ جس میں ہوا کا گزر نہیں ہوتا
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

سب نے ملائے ہاتھ یہاں تیرگی کے ساتھ

سب نے ملائے ہاتھ یہاں تیرگی کے ساتھ کتنا بڑا مذاق ہوا روشنی کے ساتھ شرطیں لگائی جاتی نہیں دوستی کے ساتھ کیجے مجھے قبول مری ہر کمی کے ساتھ تیرا خیال تیری طلب تیری آرزو میں عمر بھر چلا ہوں کسی روشنی کے ساتھ دنیا مرے خلاف کھڑی کیسے ہو گئی میری تو دشمنی بھی نہیں تھی کسی کے ساتھ کس کام کی رہی یہ دکھاوے کی زندگی وعدے کیے کسی سے گزاری کسی کے ساتھ دنیا کو بے وفائی کا الزام کون دے اپنی ہی نبھ سکی نہ بہت دن کسی کے ساتھ قطرے وہ کچھ بھی پائیں یہ ممکن نہیں وسیمؔ بڑھنا جو چاہتے ہیں سمندر کشی کے ساتھ
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

رنگ بے رنگ ہوں خوشبو کا بھروسہ جائے

رنگ بے رنگ ہوں خوشبو کا بھروسہ جائے میری آنکھوں سے جو دنیا تجھے دیکھا جائے ہم نے جس راہ کو چھوڑا پھر اسے چھوڑ دیا اب نہ جائیں گے ادھر چاہے زمانہ جائے میں نے مدت سے کوئی خواب نہیں دیکھا ہے ہاتھ رکھ دے مری آنکھوں پہ کہ نیند آ جائے میں گناہوں کا طرف دار نہیں ہوں پھر بھی رات کو دن کی نگاہوں سے نہ دیکھا جائے کچھ بڑی سوچوں میں یہ سوچیں بھی شامل ہیں وسیمؔ کس بہانے سے کوئی شہر جلایا جائے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

نہیں کہ اپنا زمانہ بھی تو نہیں آیا

نہیں کہ اپنا زمانہ بھی تو نہیں آیا ہمیں کسی سے نبھانا بھی تو نہیں آیا جلا کے رکھ لیا ہاتھوں کے ساتھ دامن تک تمہیں چراغ بجھانا بھی تو نہیں آیا نئے مکان بنائے تو فاصلوں کی طرح ہمیں یہ شہر بسانا بھی تو نہیں آیا وہ پوچھتا تھا مری آنکھ بھیگنے کا سبب مجھے بہانہ بنانا بھی تو نہیں آیا وسیمؔ دیکھنا مڑ مڑ کے وہ اسی کی طرف کسی کو چھوڑ کے جانا بھی تو نہیں آیا
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

مجھے تو قطرہ ہی ہونا بہت ستاتا ہے

مجھے تو قطرہ ہی ہونا بہت ستاتا ہے اسی لیے تو سمندر پہ رحم آتا ہے وہ اس طرح بھی مری اہمیت گھٹاتا ہے کہ مجھ سے ملنے میں شرطیں بہت لگاتا ہے بچھڑتے وقت کسی آنکھ میں جو آتا ہے تمام عمر وہ آنسو بہت رلاتا ہے کہاں پہنچ گئی دنیا اسے پتہ ہی نہیں جو اب بھی ماضی کے قصے سنائے جاتا ہے اٹھائے جائیں جہاں ہاتھ ایسے جلسے میں وہی برا جو کوئی مسئلہ اٹھاتا ہے نہ کوئی عہدہ نہ ڈگری نہ نام کی تختی میں رہ رہا ہوں یہاں میرا گھر بتاتا ہے سمجھ رہا ہو کہیں خود کو میری کمزوری تو اس سے کہہ دو مجھے بھولنا بھی آتا ہے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

محبت نا سمجھ ہوتی ہے سمجھانا ضروری ہے

محبت نا سمجھ ہوتی ہے سمجھانا ضروری ہے جو دل میں ہے اسے آنکھوں سے کہلانا ضروری ہے اصولوں پر جہاں آنچ آئے ٹکرانا ضروری ہے جو زندہ ہو تو پھر زندہ نظر آنا ضروری ہے نئی عمروں کی خود مختاریوں کو کون سمجھائے کہاں سے بچ کے چلنا ہے کہاں جانا ضروری ہے تھکے ہارے پرندے جب بسیرے کے لیے لوٹیں سلیقہ مند شاخوں کا لچک جانا ضروری ہے بہت بے باک آنکھوں میں تعلق ٹک نہیں پاتا محبت میں کشش رکھنے کو شرمانا ضروری ہے سلیقہ ہی نہیں شاید اسے محسوس کرنے کا جو کہتا ہے خدا ہے تو نظر آنا ضروری ہے مرے ہونٹوں پہ اپنی پیاس رکھ دو اور پھر سوچو کہ اس کے بعد بھی دنیا میں کچھ پانا ضروری ہے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

مری وفاؤں کا نشہ اتارنے والا

مری وفاؤں کا نشہ اتارنے والا کہاں گیا مجھے ہنس ہنس کے ہارنے والا ہماری جان گئی جائے دیکھنا یہ ہے کہیں نظر میں نہ آ جائے مارنے والا بس ایک پیار کی بازی ہے بے غرض بازی نہ کوئی جیتنے والا نہ کوئی ہارنے والا بھرے مکاں کا بھی اپنا نشہ ہے کیا جانے شراب خانے میں راتیں گزارنے والا میں اس کا دن بھی زمانے میں بانٹ کر رکھ دوں وہ میری راتوں کو چھپ کر گزارنے والا وسیمؔ ہم بھی بکھرنے کا حوصلہ کرتے ہمیں بھی ہوتا جو کوئی سنوارنے والا
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

میرے غم کو جو اپنا بتاتے رہے

میرے غم کو جو اپنا بتاتے رہے وقت پڑنے پہ ہاتھوں سے جاتے رہے بارشیں آئیں اور فیصلہ کر گئیں لوگ ٹوٹی چھتیں آزماتے رہے آنکھیں منظر ہوئیں کان نغمہ ہوئے گھر کے انداز ہی گھر سے جاتے رہے شام آئی تو بچھڑے ہوئے ہم سفر آنسوؤں سے ان آنکھوں میں آتے رہے ننھے بچوں نے چھو بھی لیا چاند کو بوڑھے بابا کہانی سناتے رہے دور تک ہاتھ میں کوئی پتھر نہ تھا پھر بھی ہم جانے کیوں سر بچاتے رہے شاعری زہر تھی کیا کریں اے وسیمؔ لوگ پیتے رہے ہم پلاتے رہے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

میں یہ نہیں کہتا کہ مرا سر نہ ملے گا

میں یہ نہیں کہتا کہ مرا سر نہ ملے گا لیکن مری آنکھوں میں تجھے ڈر نہ ملے گا سر پر تو بٹھانے کو ہے تیار زمانہ لیکن ترے رہنے کو یہاں گھر نہ ملے گا جاتی ہے چلی جائے یہ مے خانے کی رونق کم ظرفوں کے ہاتھوں میں تو ساغر نہ ملے گا دنیا کی طلب ہے تو قناعت ہی نہ کرنا قطرے ہی سے خوش ہو تو سمندر نہ ملے گا
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

میں اس امید پہ ڈوبا کہ تو بچا لے گا

میں اس امید پہ ڈوبا کہ تو بچا لے گا اب اس کے بعد مرا امتحان کیا لے گا یہ ایک میلہ ہے وعدہ کسی سے کیا لے گا ڈھلے گا دن تو ہر اک اپنا راستہ لے گا میں بجھ گیا تو ہمیشہ کو بجھ ہی جاؤں گا کوئی چراغ نہیں ہوں کہ پھر جلا لے گا کلیجہ چاہئے دشمن سے دشمنی کے لئے جو بے عمل ہے وہ بدلہ کسی سے کیا لے گا میں اس کا ہو نہیں سکتا بتا نہ دینا اسے لکیریں ہاتھ کی اپنی وہ سب جلا لے گا ہزار توڑ کے آ جاؤں اس سے رشتہ وسیمؔ میں جانتا ہوں وہ جب چاہے گا بلا لے گا
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

میں اپنے خواب سے بچھڑا نظر نہیں آتا

میں اپنے خواب سے بچھڑا نظر نہیں آتا تو اس صدی میں اکیلا نظر نہیں آتا عجب دباؤ ہے ان باہری ہواؤں کا گھروں کا بوجھ بھی اٹھتا نظر نہیں آتا میں تیری راہ سے ہٹنے کو ہٹ گیا لیکن مجھے تو کوئی بھی رستہ نظر نہیں آتا میں اک صدا پہ ہمیشہ کو گھر تو چھوڑ آیا مگر پکارنے والا نظر نہیں آتا دھواں بھرا ہے یہاں تو سبھی کی آنکھوں میں کسی کو گھر مرا جلتا نظر نہیں آتا غزل سرائی کا دعویٰ تو سب کرے ہیں وسیمؔ مگر وہ میرؔ سا لہجہ نظر نہیں آتا
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

میں آسماں پہ بہت دیر رہ نہیں سکتا

میں آسماں پہ بہت دیر رہ نہیں سکتا مگر یہ بات زمیں سے تو کہہ نہیں سکتا کسی کے چہرے کو کب تک نگاہ میں رکھوں سفر میں ایک ہی منظر تو رہ نہیں سکتا یہ آزمانے کی فرصت تجھے کبھی مل جائے میں آنکھوں آنکھوں میں کیا بات کہہ نہیں سکتا سہارا لینا ہی پڑتا ہے مجھ کو دریا کا میں ایک قطرہ ہوں تنہا تو بہہ نہیں سکتا لگا کے دیکھ لے جو بھی حساب آتا ہو مجھے گھٹا کے وہ گنتی میں رہ نہیں سکتا یہ چند لمحوں کی بے اختیاریاں ہیں وسیمؔ گنہ سے رشتہ بہت دیر رہ نہیں سکتا
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

لہو نہ ہو تو قلم ترجماں نہیں ہوتا

لہو نہ ہو تو قلم ترجماں نہیں ہوتا ہمارے دور میں آنسو زباں نہیں ہوتا جہاں رہے گا وہیں روشنی لٹائے گا کسی چراغ کا اپنا مکاں نہیں ہوتا یہ کس مقام پہ لائی ہے میری تنہائی کہ مجھ سے آج کوئی بد گماں نہیں ہوتا بس اک نگاہ مری راہ دیکھتی ہوتی یہ سارا شہر مرا میزباں نہیں ہوتا ترا خیال نہ ہوتا تو کون سمجھاتا زمیں نہ ہو تو کوئی آسماں نہیں ہوتا میں اس کو بھول گیا ہوں یہ کون مانے گا کسی چراغ کے بس میں دھواں نہیں ہوتا وسیمؔ صدیوں کی آنکھوں سے دیکھیے مجھ کو وہ لفظ ہوں جو کبھی داستاں نہیں ہوتا
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

کیا دکھ ہے سمندر کو بتا بھی نہیں سکتا

کیا دکھ ہے سمندر کو بتا بھی نہیں سکتا آنسو کی طرح آنکھ تک آ بھی نہیں سکتا تو چھوڑ رہا ہے تو خطا اس میں تری کیا ہر شخص مرا ساتھ نبھا بھی نہیں سکتا پیاسے رہے جاتے ہیں زمانے کے سوالات کس کے لیے زندہ ہوں بتا بھی نہیں سکتا گھر ڈھونڈ رہے ہیں مرا راتوں کے پجاری میں ہوں کہ چراغوں کو بجھا بھی نہیں سکتا ویسے تو اک آنسو ہی بہا کر مجھے لے جائے ایسے کوئی طوفان ہلا بھی نہیں سکتا
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

کیا بتاؤں کیسا خود کو در بدر میں نے کیا

کیا بتاؤں کیسا خود کو در بدر میں نے کیا عمر بھر کس کس کے حصے کا سفر میں نے کیا تو تو نفرت بھی نہ کر پائے گا اس شدت کے ساتھ جس بلا کا پیار تجھ سے بے خبر میں نے کیا کیسے بچوں کو بتاؤں راستوں کے پیچ و خم زندگی بھر تو کتابوں کا سفر میں نے کیا کس کو فرصت تھی کہ بتلاتا تجھے اتنی سی بات خود سے کیا برتاؤ تجھ سے چھوٹ کر میں نے کیا چند جذباتی سے رشتوں کے بچانے کو وسیمؔ کیسا کیسا جبر اپنے آپ پر میں نے کیا
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

کچھ اتنا خوف کا مارا ہوا بھی پیار نہ ہو

کچھ اتنا خوف کا مارا ہوا بھی پیار نہ ہو وہ اعتبار دلائے اور اعتبار نہ ہو ہوا خلاف ہو موجوں پہ اختیار نہ ہو یہ کیسی ضد ہے کہ دریا کسی سے پار نہ ہو میں گاؤں لوٹ رہا ہوں بہت دنوں کے بعد خدا کرے کہ اسے میرا انتظار نہ ہو ذرا سی بات پہ گھٹ گھٹ کے صبح کر دینا مری طرح بھی کوئی میرا غم گسار نہ ہو دکھی سماج میں آنسو بھرے زمانے میں اسے یہ کون بتائے کہ اشک بار نہ ہو گناہ گاروں پہ انگلی اٹھائے دیتے ہو وسیمؔ آج کہیں تم بھی سنگسار نہ ہو
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

کتنا دشوار تھا دنیا یہ ہنر آنا بھی

کتنا دشوار تھا دنیا یہ ہنر آنا بھی تجھ سے ہی فاصلہ رکھنا تجھے اپنانا بھی کیسی آداب نمائش نے لگائیں شرطیں پھول ہونا ہی نہیں پھول نظر آنا بھی دل کی بگڑی ہوئی عادت سے یہ امید نہ تھی بھول جائے گا یہ اک دن ترا یاد آنا بھی جانے کب شہر کے رشتوں کا بدل جائے مزاج اتنا آساں تو نہیں لوٹ کے گھر آنا بھی ایسے رشتے کا بھرم رکھنا کوئی کھیل نہیں تیرا ہونا بھی نہیں اور ترا کہلانا بھی خود کو پہچان کے دیکھے تو ذرا یہ دریا بھول جائے گا سمندر کی طرف جانا بھی جاننے والوں کی اس بھیڑ سے کیا ہوگا وسیمؔ اس میں یہ دیکھیے کوئی مجھے پہچانا بھی
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

کھل کے ملنے کا سلیقہ آپ کو آتا نہیں

کھل کے ملنے کا سلیقہ آپ کو آتا نہیں اور میرے پاس کوئی چور دروازہ نہیں وہ سمجھتا تھا اسے پا کر ہی میں رہ جاؤں گا اس کو میری پیاس کی شدت کا اندازہ نہیں جا دکھا دنیا کو مجھ کو کیا دکھاتا ہے غرور تو سمندر ہے تو ہے میں تو مگر پیاسا نہیں کوئی بھی دستک کرے آہٹ ہو یا آواز دے میرے ہاتھوں میں مرا گھر تو ہے دروازہ نہیں اپنوں کو اپنا کہا چاہے کسی درجے کے ہوں اور جب ایسا کیا میں نے تو شرمایا نہیں اس کی محفل میں انہیں کی روشنی جن کے چراغ میں بھی کچھ ہوتا تو میرا بھی دیا ہوتا نہیں تجھ سے کیا بچھڑا مری ساری حقیقت کھل گئی اب کوئی موسم ملے تو مجھ سے شرماتا نہیں
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

کہاں ثواب کہاں کیا عذاب ہوتا ہے

کہاں ثواب کہاں کیا عذاب ہوتا ہے محبتوں میں کب اتنا حساب ہوتا ہے بچھڑ کے مجھ سے تم اپنی کشش نہ کھو دینا اداس رہنے سے چہرا خراب ہوتا ہے اسے پتا ہی نہیں ہے کہ پیار کی بازی جو ہار جائے وہی کامیاب ہوتا ہے جب اس کے پاس گنوانے کو کچھ نہیں ہوتا تو کوئی آج کا عزت مآب ہوتا ہے جسے میں لکھتا ہوں ایسے کہ خود ہی پڑھ پاؤں کتاب زیست میں ایسا بھی باب ہوتا ہے بہت بھروسہ نہ کر لینا اپنی آنکھوں پر دکھائی دیتا ہے جو کچھ وہ خواب ہوتا ہے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

کہاں قطرہ کی غم خواری کرے ہے

کہاں قطرہ کی غم خواری کرے ہے سمندر ہے اداکاری کرے ہے کوئی مانے نہ مانے اس کی مرضی مگر وہ حکم تو جاری کرے ہے نہیں لمحہ بھی جس کی دسترس میں وہی صدیوں کی تیاری کرے ہے بڑے آدرش ہیں باتوں میں لیکن وہ سارے کام بازاری کرے ہے ہماری بات بھی آئے تو جانیں وہ باتیں تو بہت ساری کرے ہے یہی اخبار کی سرخی بنے گا ذرا سا کام چنگاری کرے ہے بلاوا آئے گا چل دیں گے ہم بھی سفر کی کون تیاری کرے ہے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

جہاں دریا کہیں اپنے کنارے چھوڑ دیتا ہے

جہاں دریا کہیں اپنے کنارے چھوڑ دیتا ہے کوئی اٹھتا ہے اور طوفان کا رخ موڑ دیتا ہے مجھے بے دست و پا کر کے بھی خوف اس کا نہیں جاتا کہیں بھی حادثہ گزرے وہ مجھ سے جوڑ دیتا ہے بچھڑ کے تجھ سے کچھ جانا اگر تو اس قدر جانا وہ مٹی ہوں جسے دریا کنارے چھوڑ دیتا ہے محبت میں ذرا سی بے وفائی تو ضروری ہے وہی اچھا بھی لگتا ہے جو وعدے توڑ دیتا ہے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

حویلیوں میں مری تربیت نہیں ہوتی

حویلیوں میں مری تربیت نہیں ہوتی تو آج سر پہ ٹپکنے کو چھت نہیں ہوتی ہمارے گھر کا پتہ پوچھنے سے کیا حاصل اداسیوں کی کوئی شہریت نہیں ہوتی چراغ گھر کا ہو محفل کا ہو کہ مندر کا ہوا کے پاس کوئی مصلحت نہیں ہوتی ہمیں جو خود میں سمٹنے کا فن نہیں آتا تو آج ایسی تری سلطنت نہیں ہوتی وسیمؔ شہر میں سچائیوں کے لب ہوتے تو آج خبروں میں سب خیریت نہیں ہوتی
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

ہمارا عزم سفر کب کدھر کا ہو جائے

ہمارا عزم سفر کب کدھر کا ہو جائے یہ وہ نہیں جو کسی رہ گزر کا ہو جائے اسی کو جینے کا حق ہے جو اس زمانے میں ادھر کا لگتا رہے اور ادھر کا ہو جائے کھلی ہواؤں میں اڑنا تو اس کی فطرت ہے پرندہ کیوں کسی شاخ شجر کا ہو جائے میں لاکھ چاہوں مگر ہو تو یہ نہیں سکتا کہ تیرا چہرا مری ہی نظر کا ہو جائے مرا نہ ہونے سے کیا فرق اس کو پڑنا ہے پتہ چلے جو کسی کم نظر کا ہو جائے وسیمؔ صبح کی تنہائی سفر سوچو مشاعرہ تو چلو رات بھر کا ہو جائے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

ہم اپنے آپ کو اک مسئلہ بنا نہ سکے

ہم اپنے آپ کو اک مسئلہ بنا نہ سکے اسی لئے تو کسی کی نظر میں آ نہ سکے ہم آنسوؤں کی طرح واسطے نبھا نہ سکے رہے جن آنکھوں میں ان میں ہی گھر بنا نہ سکے پھر آندھیوں نے سکھایا وہاں سفر کا ہنر جہاں چراغ ہمیں راستہ دکھا نہ سکے جو پیش پیش تھے بستی بچانے والوں میں لگی جب آگ تو اپنا بھی گھر بچا نہ سکے مرے خدا کسی ایسی جگہ اسے رکھنا جہاں کوئی مرے بارے میں کچھ بتا نہ سکے تمام عمر کی کوشش کا بس یہی حاصل کسی کو اپنے مطابق کوئی بنا نہ سکے تسلیوں پہ بہت دن جیا نہیں جاتا کچھ ایسا ہو کے ترا اعتبار آ نہ سکے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

حادثوں کی زد پہ ہیں تو مسکرانا چھوڑ دیں

حادثوں کی زد پہ ہیں تو مسکرانا چھوڑ دیں زلزلوں کے خوف سے کیا گھر بنانا چھوڑ دیں تم نے میرے گھر نہ آنے کی قسم کھائی تو ہے آنسوؤں سے بھی کہو آنکھوں میں آنا چھوڑ دیں پیار کے دشمن کبھی تو پیار سے کہہ کے تو دیکھ ایک تیرا در ہی کیا ہم تو زمانہ چھوڑ دیں گھونسلے ویران ہیں اب وہ پرندے ہی کہاں اک بسیرے کے لئے جو آب و دانہ چھوڑ دیں
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

دور سے ہی بس دریا دریا لگتا ہے

دور سے ہی بس دریا دریا لگتا ہے ڈوب کے دیکھو کتنا پیاسا لگتا ہے تنہا ہو تو گھبرایا سا لگتا ہے بھیڑ میں اس کو دیکھ کے اچھا لگتا ہے آج یہ ہے کل اور یہاں ہوگا کوئی سوچو تو سب کھیل تماشا لگتا ہے میں ہی نہ مانوں میرے بکھرنے میں ورنہ دنیا بھر کو ہاتھ تمہارا لگتا ہے ذہن سے کاغذ پر تصویر اترتے ہی ایک مصور کتنا اکیلا لگتا ہے پیار کے اس نشہ کو کوئی کیا سمجھے ٹھوکر میں جب سارا زمانہ لگتا ہے بھیڑ میں رہ کر اپنا بھی کب رہ پاتا چاند اکیلا ہے تو سب کا لگتا ہے شاخ پہ بیٹھی بھولی بھالی اک چڑیا کیا جانے اس پر بھی نشانہ لگتا ہے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

دکھ اپنا اگر ہم کو بتانا نہیں آتا

دکھ اپنا اگر ہم کو بتانا نہیں آتا تم کو بھی تو اندازہ لگانا نہیں آتا پہنچا ہے بزرگوں کے بیانوں سے جو ہم تک کیا بات ہوئی کیوں وہ زمانہ نہیں آتا میں بھی اسے کھونے کا ہنر سیکھ نہ پایا اس کو بھی مجھے چھوڑ کے جانا نہیں آتا اس چھوٹے زمانے کے بڑے کیسے بنوگے لوگوں کو جب آپس میں لڑانا نہیں آتا ڈھونڈھے ہے تو پلکوں پہ چمکنے کے بہانے آنسو کو مری آنکھ میں آنا نہیں آتا تاریخ کی آنکھوں میں دھواں ہو گئے خود ہی تم کو تو کوئی گھر بھی جلانا نہیں آتا
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

دعا کرو کہ کوئی پیاس نذر جام نہ ہو

دعا کرو کہ کوئی پیاس نذر جام نہ ہو وہ زندگی ہی نہیں ہے جو ناتمام نہ ہو جو مجھ میں تجھ میں چلا آ رہا ہے صدیوں سے کہیں حیات اسی فاصلے کا نام نہ ہو کوئی چراغ نہ آنسو نہ آرزوئے سحر خدا کرے کہ کسی گھر میں ایسی شام نہ ہو عجیب شرط لگائی ہے احتیاطوں نے کہ تیرا ذکر کروں اور تیرا نام نہ ہو صبا مزاج کی تیزی بھی ایک نعمت ہے اگر چراغ بجھانا ہی ایک کام نہ ہو وسیمؔ کتنی ہی صبحیں لہو لہو گزریں اک ایسی صبح بھی آئے کہ جس کی شام نہ ہو
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

چلو ہم ہی پہل کر دیں کہ ہم سے بد گماں کیوں ہو

چلو ہم ہی پہل کر دیں کہ ہم سے بد گماں کیوں ہو کوئی رشتہ ذرا سی ضد کی خاطر رائیگاں کیوں ہو میں زندہ ہوں تو اس زندہ ضمیری کی بدولت ہی جو بولے تیرے لہجے میں بھلا میری زباں کیوں ہو سوال آخر یہ اک دن دیکھنا ہم ہی اٹھائیں گے نہ سمجھے جو زمیں کے غم وہ اپنا آسماں کیوں ہو ہماری گفتگو کی اور بھی سمتیں بہت سی ہیں کسی کا دل دکھانے ہی کو پھر اپنی زباں کیوں ہو بکھر کر رہ گیا ہمسائیگی کا خواب ہی ورنہ دیئے اس گھر میں روشن ہوں تو اس گھر میں دھواں کیوں ہو محبت آسماں کو جب زمیں کرنے کی ضد ٹھہری تو پھر بزدل اصولوں کی شرافت درمیاں کیوں ہو امیدیں ساری دنیا سے وسیمؔ اور خود میں ایسے غم کسی پہ کچھ نہ ظاہر ہو تو کوئی مہرباں کیوں ہو
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

چاند کا خواب اجالوں کی نظر لگتا ہے

چاند کا خواب اجالوں کی نظر لگتا ہے تو جدھر ہو کے گزر جائے خبر لگتا ہے اس کی یادوں نے اگا رکھے ہیں سورج اتنے شام کا وقت بھی آئے تو سحر لگتا ہے ایک منظر پہ ٹھہرنے نہیں دیتی فطرت عمر بھر آنکھ کی قسمت میں سفر لگتا ہے میں نظر بھر کے ترے جسم کو جب دیکھتا ہوں پہلی بارش میں نہایا سا شجر لگتا ہے بے سہارا تھا بہت پیار کوئی پوچھتا کیا تو نے کاندھے پہ جگہ دی ہے تو سر لگتا ہے تیری قربت کے یہ لمحے اسے راس آئیں کیا صبح ہونے کا جسے شام سے ڈر لگتا ہے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

بیتے ہوئے دن خود کو جب دہراتے ہیں

بیتے ہوئے دن خود کو جب دہراتے ہیں ایک سے جانے ہم کتنے ہو جاتے ہیں ہم بھی دل کی بات کہاں کہہ پاتے ہیں آپ بھی کچھ کہتے کہتے رہ جاتے ہیں خوشبو اپنے رستہ خود طے کرتی ہے پھول تو ڈالی کے ہو کر رہ جاتے ہیں روز نیا اک قصہ کہنے والے لوگ کہتے کہتے خود قصہ ہو جاتے ہیں کون بچائے گا پھر توڑنے والوں سے پھول اگر شاخوں سے دھوکا کھاتے ہیں
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

بھلا غموں سے کہاں ہار جانے والے تھے

بھلا غموں سے کہاں ہار جانے والے تھے ہم آنسوؤں کی طرح مسکرانے والے تھے ہمیں نے کر دیا اعلان گمرہی ورنہ ہمارے پیچھے بہت لوگ آنے والے تھے انہیں تو خاک میں ملنا ہی تھا کہ میرے تھے یہ اشک کون سے اونچے گھرانے والے تھے انہیں قریب نہ ہونے دیا کبھی میں نے جو دوستی میں حدیں بھول جانے والے تھے میں جن کو جان کے پہچان بھی نہیں سکتا کچھ ایسے لوگ مرا گھر جلانے والے تھے ہمارا المیہ یہ تھا کہ ہم سفر بھی ہمیں وہی ملے جو بہت یاد آنے والے تھے وسیمؔ کیسی تعلق کی راہ تھی جس میں وہی ملے جو بہت دل دکھانے والے تھے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

اپنے سائے کو اتنا سمجھانے دے

اپنے سائے کو اتنا سمجھانے دے مجھ تک میرے حصے کی دھوپ آنے دے ایک نظر میں کئی زمانے دیکھے تو بوڑھی آنکھوں کی تصویر بنانے دے بابا دنیا جیت کے میں دکھلا دوں گا اپنی نظر سے دور تو مجھ کو جانے دے میں بھی تو اس باغ کا ایک پرندہ ہوں میری ہی آواز میں مجھ کو گانے دے پھر تو یہ اونچا ہی ہوتا جائے گا بچپن کے ہاتھوں میں چاند آ جانے دے فصلیں پک جائیں تو کھیت سے بچھڑیں گی روتی آنکھ کو پیار کہاں سمجھانے دے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

اپنے ہر ہر لفظ کا خود آئینہ ہو جاؤں گا

اپنے ہر ہر لفظ کا خود آئینہ ہو جاؤں گا اس کو چھوٹا کہہ کے میں کیسے بڑا ہو جاؤں گا تم گرانے میں لگے تھے تم نے سوچا ہی نہیں میں گرا تو مسئلہ بن کر کھڑا ہو جاؤں گا مجھ کو چلنے دو اکیلا ہے ابھی میرا سفر راستہ روکا گیا تو قافلہ ہو جاؤں گا ساری دنیا کی نظر میں ہے مرا عہد وفا اک ترے کہنے سے کیا میں بے وفا ہو جاؤں گا
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

اپنے چہرے سے جو ظاہر ہے چھپائیں کیسے

اپنے چہرے سے جو ظاہر ہے چھپائیں کیسے تیری مرضی کے مطابق نظر آئیں کیسے گھر سجانے کا تصور تو بہت بعد کا ہے پہلے یہ طے ہو کہ اس گھر کو بچائیں کیسے لاکھ تلواریں بڑھی آتی ہوں گردن کی طرف سر جھکانا نہیں آتا تو جھکائیں کیسے قہقہہ آنکھ کا برتاؤ بدل دیتا ہے ہنسنے والے تجھے آنسو نظر آئیں کیسے پھول سے رنگ جدا ہونا کوئی کھیل نہیں اپنی مٹی کو کہیں چھوڑ کے جائیں کیسے کوئی اپنی ہی نظر سے تو ہمیں دیکھے گا ایک قطرے کو سمندر نظر آئیں کیسے جس نے دانستہ کیا ہو نظر انداز وسیمؔ اس کو کچھ یاد دلائیں تو دلائیں کیسے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

اپنے انداز کا اکیلا تھا

اپنے انداز کا اکیلا تھا اس لئے میں بڑا اکیلا تھا پیار تو جنم کا اکیلا تھا کیا مرا تجربہ اکیلا تھا ساتھ تیرا نہ کچھ بدل پایا میرا ہی راستہ اکیلا تھا بخشش بے حساب کے آگے میرا دست دعا اکیلا تھا تیری سمجھوتے باز دنیا میں کون میرے سوا اکیلا تھا جو بھی ملتا گلے لگا لیتا کس قدر آئنا اکیلا تھا
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

اندھیرا ذہن کا سمت سفر جب کھونے لگتا ہے

اندھیرا ذہن کا سمت سفر جب کھونے لگتا ہے کسی کا دھیان آتا ہے اجالا ہونے لگتا ہے وہ جتنی دور ہو اتنا ہی میرا ہونے لگتا ہے مگر جب پاس آتا ہے تو مجھ سے کھونے لگتا ہے کسی نے رکھ دیے ممتا بھرے دو ہاتھ کیا سر پر مرے اندر کوئی بچہ بلک کر رونے لگتا ہے محبت چار دن کی اور اداسی زندگی بھر کی یہی سب دیکھتا ہے اور کبیراؔ رونے لگتا ہے سمجھتے ہی نہیں نادان کے دن کی ہے ملکیت پرائے کھیتوں پہ اپنوں میں جھگڑا ہونے لگتا ہے یہ دل بچ کر زمانے بھر سے چلنا چاہے ہے لیکن جب اپنی راہ چلتا ہے اکیلا ہونے لگتا ہے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

آتے آتے مرا نام سا رہ گیا

آتے آتے مرا نام سا رہ گیا اس کے ہونٹوں پہ کچھ کانپتا رہ گیا رات مجرم تھی دامن بچا لے گئی دن گواہوں کی صف میں کھڑا رہ گیا وہ مرے سامنے ہی گیا اور میں راستے کی طرح دیکھتا رہ گیا جھوٹ والے کہیں سے کہیں بڑھ گئے اور میں تھا کہ سچ بولتا رہ گیا آندھیوں کے ارادے تو اچھے نہ تھے یہ دیا کیسے جلتا ہوا رہ گیا اس کو کاندھوں پہ لے جا رہے ہیں وسیمؔ اور وہ جینے کا حق مانگتا رہ گیا
مکمل کلام دیکھیں
متفرق اشعار

میں جن دنوں ترے بارے میں سوچتا ہوں بہت

میں جن دنوں ترے بارے میں سوچتا ہوں بہت انہیں دنوں تو یہ دنیا سمجھ میں آتی ہے
مکمل کلام دیکھیں
متفرق اشعار

سارے رنگ آ گئے ایک ہی رنگ میں

سارے رنگ آ گئے ایک ہی رنگ میں میں تجھے دیکھ کر اور کیا دیکھتا
مکمل کلام دیکھیں
متفرق اشعار

اک جدائی کا وہ لمحہ کہ جو مرتا ہی نہیں

اک جدائی کا وہ لمحہ کہ جو مرتا ہی نہیں لوگ کہتے تھے سبھی وقت گزر جاتے ہیں
مکمل کلام دیکھیں
متفرق اشعار

میں اُس کو بھول گیا ہوں یہ کون مانے گا

میں اُس کو بھول گیا ہوں یہ کون مانے گا کسی چراغ کے بس میں دُھواں نہیں ہوتا
مکمل کلام دیکھیں
متفرق اشعار

تم میری طرف دیکھنا چھوڑو تو بتاؤں

تم میری طرف دیکھنا چھوڑو تو بتاؤں ہر شخص تمہاری ہی طرف دیکھ رہا ہے
مکمل کلام دیکھیں
متفرق اشعار

ترے خیال کے ہاتھوں کچھ ایسا بکھرا ہوں

ترے خیال کے ہاتھوں کچھ ایسا بکھرا ہوں کہ جیسے بچہ کتابیں اِدھر اُدھر کر دے
مکمل کلام دیکھیں
متفرق اشعار

پھر وہی تلخیِ حالات مقدر ٹھہری

پھر وہی تلخیِ حالات مقدر ٹھہری نشے کیسے بھی ہوں کچھ دن میں اتر جاتے ہیں
مکمل کلام دیکھیں
متفرق اشعار

آپ ناراض ہوں روٹھیں کہ خفا ہو جائیں

آپ ناراض ہوں روٹھیں کہ خفا ہو جائیں بات اتنی بھی نہ بگڑے کہ جدا ہو جائیں
مکمل کلام دیکھیں

وسیم بریلوی کے مضامین

0 مضامین
اس مصنف کے منظور شدہ مضامین موجود نہیں ہیں۔
App Icon
ایپ انسٹال کریں
آسان اور تیز ترین مطالعے کے لیے