کیٹگریز مینو
گ

گلزار

0کتب
39شاعری
0مضامین
شیئر کریں: WhatsApp Facebook
تمام تخلیقات 39 کتب 0 شاعری 39 مضامین 0

گلزار کی کتب

0 کتب
اس مصنف کی فی الحال کوئی کتاب موجود نہیں ہے۔

گلزار کی شاعری

39 تخلیقات
اردو غزل

زندگی یوں ہوئی بسر تنہا

زندگی یوں ہوئی بسر تنہا قافلہ ساتھ اور سفر تنہا اپنے سائے سے چونک جاتے ہیں عمر گزری ہے اس قدر تنہا رات بھر باتیں کرتے ہیں تارے رات کاٹے کوئی کدھر تنہا ڈوبنے والے پار جا اترے نقش پا اپنے چھوڑ کر تنہا دن گزرتا نہیں ہے لوگوں میں رات ہوتی نہیں بسر تنہا ہم نے دروازے تک تو دیکھا تھا پھر نہ جانے گئے کدھر تنہا
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

ذکر ہوتا ہے جہاں بھی مرے افسانے کا

ذکر ہوتا ہے جہاں بھی مرے افسانے کا ایک دروازہ سا کھلتا ہے کتب خانے کا ایک سناٹا دبے پاؤں گیا ہو جیسے دل سے اک خوف سا گزرا ہے بچھڑ جانے کا بلبلہ پھر سے چلا پانی میں غوطے کھانے نہ سمجھنے کا اسے وقت نہ سمجھانے کا میں نے الفاظ تو بیجوں کی طرح چھانٹ دیئے ایسا میٹھا ترا انداز تھا فرمانے کا کس کو روکے کوئی رستے میں کہاں بات کرے نہ تو آنے کی خبر ہے نہ پتا جانے کا
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

ذکر آئے تو مرے لب سے دعائیں نکلیں

ذکر آئے تو مرے لب سے دعائیں نکلیں شمع جلتی ہے تو لازم ہے شعاعیں نکلیں وقت کی ضرب سے کٹ جاتے ہیں سب کے سینے چاند کا چھلکا اتر جائے تو قاشیں نکلیں دفن ہو جائیں کہ زرخیز زمیں لگتی ہے کل اسی مٹی سے شاید مری شاخیں نکلیں چند امیدیں نچوڑی تھیں تو آہیں ٹپکیں دل کو پگھلائیں تو ہو سکتا ہے سانسیں نکلیں غار کے منہ پہ رکھا رہنے دو سنگ خورشید غار میں ہاتھ نہ ڈالو کہیں راتیں نکلیں
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

وہ خط کے پرزے اڑا رہا تھا

وہ خط کے پرزے اڑا رہا تھا ہواؤں کا رخ دکھا رہا تھا بتاؤں کیسے وہ بہتا دریا جب آ رہا تھا تو جا رہا تھا کچھ اور بھی ہو گیا نمایاں میں اپنا لکھا مٹا رہا تھا دھواں دھواں ہو گئی تھیں آنکھیں چراغ کو جب بجھا رہا تھا منڈیر سے جھک کے چاند کل بھی پڑوسیوں کو جگا رہا تھا اسی کا ایماں بدل گیا ہے کبھی جو میرا خدا رہا تھا وہ ایک دن ایک اجنبی کو مری کہانی سنا رہا تھا وہ عمر کم کر رہا تھا میری میں سال اپنے بڑھا رہا تھا خدا کی شاید رضا ہو اس میں تمہارا جو فیصلہ رہا تھا
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

تجھ کو دیکھا ہے جو دریا نے ادھر آتے ہوئے

تجھ کو دیکھا ہے جو دریا نے ادھر آتے ہوئے کچھ بھنور ڈوب گئے پانی میں چکراتے ہوئے ہم نے تو رات کو دانتوں سے پکڑ کر رکھا چھینا جھپٹی میں افق کھلتا گیا جاتے ہوئے میں نہ ہوں گا تو خزاں کیسے کٹے گی تیری شوخ پتے نے کہا شاخ سے مرجھاتے ہوئے حسرتیں اپنی بلکتیں نہ یتیموں کی طرح ہم کو آواز ہی دے لیتے ذرا جاتے ہوئے سی لیے ہونٹ وہ پاکیزہ نگاہیں سن کر میلی ہو جاتی ہے آواز بھی دہراتے ہوئے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

تنکا تنکا کانٹے توڑے ساری رات کٹائی کی

تنکا تنکا کانٹے توڑے ساری رات کٹائی کی کیوں اتنی لمبی ہوتی ہے چاندنی رات جدائی کی نیند میں کوئی اپنے آپ سے باتیں کرتا رہتا ہے کال کنوئیں میں گونجتی ہے آواز کسی سودائی کی سینے میں دل کی آہٹ جیسے کوئی جاسوس چلے ہر سائے کا پیچھا کرنا عادت ہے ہرجائی کی آنکھوں اور کانوں میں کچھ سناٹے سے بھر جاتے ہیں کیا تم نے اڑتی دیکھی ہے ریت کبھی تنہائی کی تاروں کی روشن فصلیں اور چاند کی ایک درانتی تھی ساہو نے گروی رکھ لی تھی میری رات کٹائی کی
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

شام سے آنکھ میں نمی سی ہے

شام سے آنکھ میں نمی سی ہے آج پھر آپ کی کمی سی ہے دفن کر دو ہمیں کہ سانس آئے نبض کچھ دیر سے تھمی سی ہے کون پتھرا گیا ہے آنکھوں میں برف پلکوں پہ کیوں جمی سی ہے وقت رہتا نہیں کہیں ٹک کر عادت اس کی بھی آدمی سی ہے آئیے راستے الگ کر لیں یہ ضرورت بھی باہمی سی ہے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

شام سے آج سانس بھاری ہے

شام سے آج سانس بھاری ہے بے قراری سی بے قراری ہے آپ کے بعد ہر گھڑی ہم نے آپ کے ساتھ ہی گزاری ہے رات کو دے دو چاندنی کی ردا دن کی چادر ابھی اتاری ہے شاخ پر کوئی قہقہہ تو کھلے کیسی چپ سی چمن میں طاری ہے کل کا ہر واقعہ تمہارا تھا آج کی داستاں ہماری ہے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

سہما سہما ڈرا سا رہتا ہے

سہما سہما ڈرا سا رہتا ہے جانے کیوں جی بھرا سا رہتا ہے کائی سی جم گئی ہے آنکھوں پر سارا منظر ہرا سا رہتا ہے ایک پل دیکھ لوں تو اٹھتا ہوں جل گیا گھر ذرا سا رہتا ہے سر میں جنبش خیال کی بھی نہیں زانوؤں پر دھرا سا رہتا ہے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

صبر ہر بار اختیار کیا

صبر ہر بار اختیار کیا ہم سے ہوتا نہیں ہزار کیا عادتاً تم نے کر دیئے وعدے عادتاً ہم نے اعتبار کیا ہم نے اکثر تمہاری راہوں میں رک کر اپنا ہی انتظار کیا پھر نہ مانگیں گے زندگی یارب یہ گنہ ہم نے ایک بار کیا
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

رکے رکے سے قدم رک کے بار بار چلے

رکے رکے سے قدم رک کے بار بار چلے قرار دے کے ترے در سے بے قرار چلے اٹھائے پھرتے تھے احسان جسم کا جاں پر چلے جہاں سے تو یہ پیرہن اتار چلے نہ جانے کون سی مٹی وطن کی مٹی تھی نظر میں دھول جگر میں لیے غبار چلے سحر نہ آئی کئی بار نیند سے جاگے تھی رات رات کی یہ زندگی گزار چلے ملی ہے شمع سے یہ رسم عاشقی ہم کو گناہ ہاتھ پہ لے کر گناہ گار چلے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

پھولوں کی طرح لب کھول کبھی

پھولوں کی طرح لب کھول کبھی خوشبو کی زباں میں بول کبھی الفاظ پرکھتا رہتا ہے آواز ہماری تول کبھی انمول نہیں لیکن پھر بھی پوچھ تو مفت کا مول کبھی کھڑکی میں کٹی ہیں سب راتیں کچھ چورس تھیں کچھ گول کبھی یہ دل بھی دوست زمیں کی طرح ہو جاتا ہے ڈانوا ڈول کبھی
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

پھول نے ٹہنی سے اڑنے کی کوشش کی

پھول نے ٹہنی سے اڑنے کی کوشش کی اک طائر کا دل رکھنے کی کوشش کی کل پھر چاند کا خنجر گھونپ کے سینے میں رات نے میری جاں لینے کی کوشش کی کوئی نہ کوئی رہبر رستہ کاٹ گیا جب بھی اپنی رہ چلنے کی کوشش کی کتنی لمبی خاموشی سے گزرا ہوں ان سے کتنا کچھ کہنے کی کوشش کی ایک ہی خواب نے ساری رات جگایا ہے میں نے ہر کروٹ سونے کی کوشش کی ایک ستارہ جلدی جلدی ڈوب گیا میں نے جب تارے گننے کی کوشش کی نام مرا تھا اور پتہ اپنے گھر کا اس نے مجھ کو خط لکھنے کی کوشش کی ایک دھوئیں کا مرغولہ سا نکلا ہے مٹی میں جب دل بونے کی کوشش کی
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

پیڑ کے پتوں میں ہلچل ہے خبردار سے ہیں

پیڑ کے پتوں میں ہلچل ہے خبردار سے ہیں شام سے تیز ہوا چلنے کے آثار سے ہیں ناخدا دیکھ رہا ہے کہ میں گرداب میں ہوں اور جو پل پہ کھڑے لوگ ہیں اخبار سے ہیں چڑھتے سیلاب میں ساحل نے تو منہ ڈھانپ لیا لوگ پانی کا کفن لینے کو تیار سے ہیں کل تواریخ میں دفنائے گئے تھے جو لوگ ان کے سائے ابھی دروازوں پہ بیدار سے ہیں وقت کے تیر تو سینے پہ سنبھالے ہم نے اور جو نیل پڑے ہیں تری گفتار سے ہیں روح سے چھیلے ہوئے جسم جہاں بکتے ہیں ہم کو بھی بیچ دے ہم بھی اسی بازار سے ہیں جب سے وہ اہل سیاست میں ہوئے ہیں شامل کچھ عدو کے ہیں تو کچھ میرے طرف دار سے ہیں
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

اوس پڑی تھی رات بہت اور کہرہ تھا گرمائش پر

اوس پڑی تھی رات بہت اور کہرہ تھا گرمائش پر سیلی سی خاموشی میں آواز سنی فرمائش پر فاصلے ہیں بھی اور نہیں بھی ناپا تولا کچھ بھی نہیں لوگ بضد رہتے ہیں پھر بھی رشتوں کی پیمائش پر منہ موڑا اور دیکھا کتنی دور کھڑے تھے ہم دونوں آپ لڑے تھے ہم سے بس اک کروٹ کی گنجائش پر کاغذ کا اک چاند لگا کر رات اندھیری کھڑکی پر دل میں کتنے خوش تھے اپنی فرقت کی آرائش پر دل کا حجرہ کتنی بار اجڑا بھی اور بسایا بھی ساری عمر کہاں ٹھہرا ہے کوئی ایک رہائش پر دھوپ اور چھاؤں بانٹ کے تم نے آنگن میں دیوار چنی کیا اتنا آسان ہے زندہ رہنا اس آسائش پر شاید تین نجومی میری موت پہ آ کر پہنچیں گے ایسا ہی اک بار ہوا تھا عیسیٰ کی پیدائش پر
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

مجھے اندھیرے میں بے شک بٹھا دیا ہوتا

مجھے اندھیرے میں بے شک بٹھا دیا ہوتا مگر چراغ کی صورت جلا دیا ہوتا نہ روشنی کوئی آتی مرے تعاقب میں جو اپنے آپ کو میں نے بجھا دیا ہوتا یہ درد جسم کے یارب بہت شدید لگے مجھے صلیب پہ دو پل سلا دیا ہوتا یہ شکر ہے کہ مرے پاس تیرا غم تو رہا وگرنہ زندگی نے تو رلا دیا ہوتا
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

کوئی خاموش زخم لگتی ہے

کوئی خاموش زخم لگتی ہے زندگی ایک نظم لگتی ہے بزم یاراں میں رہتا ہوں تنہا اور تنہائی بزم لگتی ہے اپنے سائے پہ پاؤں رکھتا ہوں چھاؤں چھالوں کو نرم لگتی ہے چاند کی نبض دیکھنا اٹھ کر رات کی سانس گرم لگتی ہے یہ روایت کہ درد مہکے رہیں دل کی دیرینہ رسم لگتی ہے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

کوئی اٹکا ہوا ہے پل شاید

کوئی اٹکا ہوا ہے پل شاید وقت میں پڑ گیا ہے بل شاید لب پہ آئی مری غزل شاید وہ اکیلے ہیں آج کل شاید دل اگر ہے تو درد بھی ہوگا اس کا کوئی نہیں ہے حل شاید جانتے ہیں ثواب رحم و کرم ان سے ہوتا نہیں عمل شاید آ رہی ہے جو چاپ قدموں کی کھل رہے ہیں کہیں کنول شاید راکھ کو بھی کرید کر دیکھو ابھی جلتا ہو کوئی پل شاید چاند ڈوبے تو چاند ہی نکلے آپ کے پاس ہوگا حل شاید
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

خوشبو جیسے لوگ ملے افسانے میں

خوشبو جیسے لوگ ملے افسانے میں ایک پرانا خط کھولا انجانے میں شام کے سائے بالشتوں سے ناپے ہیں چاند نے کتنی دیر لگا دی آنے میں رات گزرتے شاید تھوڑا وقت لگے دھوپ انڈیلو تھوڑی سی پیمانے میں جانے کس کا ذکر ہے اس افسانے میں درد مزے لیتا ہے جو دہرانے میں دل پر دستک دینے کون آ نکلا ہے کس کی آہٹ سنتا ہوں ویرانے میں ہم اس موڑ سے اٹھ کر اگلے موڑ چلے ان کو شاید عمر لگے گی آنے میں
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

کھلی کتاب کے صفحے الٹتے رہتے ہیں

کھلی کتاب کے صفحے الٹتے رہتے ہیں ہوا چلے نہ چلے دن پلٹتے رہتے ہیں بس ایک وحشت منزل ہے اور کچھ بھی نہیں کہ چند سیڑھیاں چڑھتے اترتے رہتے ہیں مجھے تو روز کسوٹی پہ درد کستا ہے کہ جاں سے جسم کے بخیے ادھڑتے رہتے ہیں کبھی رکا نہیں کوئی مقام صحرا میں کہ ٹیلے پاؤں تلے سے سرکتے رہتے ہیں یہ روٹیاں ہیں یہ سکے ہیں اور دائرے ہیں یہ ایک دوجے کو دن بھر پکڑتے رہتے ہیں بھرے ہیں رات کے ریزے کچھ ایسے آنکھوں میں اجالا ہو تو ہم آنکھیں جھپکتے رہتے ہیں
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

کہیں تو گرد اڑے یا کہیں غبار دکھے

کہیں تو گرد اڑے یا کہیں غبار دکھے کہیں سے آتا ہوا کوئی شہسوار دکھے خفا تھی شاخ سے شاید کہ جب ہوا گزری زمیں پہ گرتے ہوئے پھول بے شمار دکھے رواں ہیں پھر بھی رکے ہیں وہیں پہ صدیوں سے بڑے اداس لگے جب بھی آبشار دکھے کبھی تو چونک کے دیکھے کوئی ہماری طرف کسی کی آنکھ میں ہم کو بھی انتظار دکھے کوئی طلسمی صفت تھی جو اس ہجوم میں وہ ہوئے جو آنکھ سے اوجھل تو بار بار دکھے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

کانچ کے پیچھے چاند بھی تھا اور کانچ کے اوپر کائی بھی

کانچ کے پیچھے چاند بھی تھا اور کانچ کے اوپر کائی بھی تینوں تھے ہم وہ بھی تھے اور میں بھی تھا تنہائی بھی یادوں کی بوچھاروں سے جب پلکیں بھیگنے لگتی ہیں سوندھی سوندھی لگتی ہے تب ماضی کی رسوائی بھی دو دو شکلیں دکھتی ہیں اس بہکے سے آئینے میں میرے ساتھ چلا آیا ہے آپ کا اک سودائی بھی کتنی جلدی میلی کرتا ہے پوشاکیں روز فلک صبح ہی رات اتاری تھی اور شام کو شب پہنائی بھی خاموشی کا حاصل بھی اک لمبی سی خاموشی تھی ان کی بات سنی بھی ہم نے اپنی بات سنائی بھی کل ساحل پر لیٹے لیٹے کتنی ساری باتیں کیں آپ کا ہنکارا نہ آیا چاند نے بات کرائی بھی
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

جب بھی یہ دل اداس ہوتا ہے

جب بھی یہ دل اداس ہوتا ہے جانے کون آس پاس ہوتا ہے آنکھیں پہچانتی ہیں آنکھوں کو درد چہرہ شناس ہوتا ہے گو برستی نہیں سدا آنکھیں ابر تو بارہ ماس ہوتا ہے چھال پیڑوں کی سخت ہے لیکن نیچے ناخن کے ماس ہوتا ہے زخم کہتے ہیں دل کا گہنہ ہے درد دل کا لباس ہوتا ہے ڈس ہی لیتا ہے سب کو عشق کبھی سانپ موقع شناس ہوتا ہے صرف اتنا کرم کیا کیجے آپ کو جتنا راس ہوتا ہے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

جب بھی آنکھوں میں اشک بھر آئے

جب بھی آنکھوں میں اشک بھر آئے لوگ کچھ ڈوبتے نظر آئے اپنا محور بدل چکی تھی زمیں ہم خلا سے جو لوٹ کر آئے چاند جتنے بھی گم ہوئے شب کے سب کے الزام میرے سر آئے چند لمحے جو لوٹ کر آئے رات کے آخری پہر آئے ایک گولی گئی تھی سوئے فلک اک پرندے کے بال و پر آئے کچھ چراغوں کی سانس ٹوٹ گئی کچھ بہ مشکل دم سحر آئے مجھ کو اپنا پتا ٹھکانہ ملے وہ بھی اک بار میرے گھر آئے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

ہوا کے سینگ نہ پکڑو کھدیڑ دیتی ہے

ہوا کے سینگ نہ پکڑو کھدیڑ دیتی ہے زمیں سے پیڑوں کے ٹانکے ادھیڑ دیتی ہے میں چپ کراتا ہوں ہر شب امڈتی بارش کو مگر یہ روز گئی بات چھیڑ دیتی ہے زمیں سا دوسرا کوئی سخی کہاں ہوگا ذرا سا بیج اٹھا لے تو پیڑ دیتی ہے رندھے گلے کی دعاؤں سے بھی نہیں کھلتا در حیات جسے موت بھیڑ دیتی ہے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

ہر ایک غم نچوڑ کے ہر اک برس جیے

ہر ایک غم نچوڑ کے ہر اک برس جیے دو دن کی زندگی میں ہزاروں برس جیے صدیوں پہ اختیار نہیں تھا ہمارا دوست دو چار لمحے بس میں تھے دو چار بس جیے صحرا کے اس طرف سے گئے سارے کارواں سن سن کے ہم تو صرف صدائے جرس جیے ہونٹوں میں لے کے رات کے آنچل کا اک سرا آنکھوں پہ رکھ کے چاند کے ہونٹوں کا مس جیے محدود ہیں دعائیں مرے اختیار میں ہر سانس پر سکون ہو تو سو برس جیے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

ہم تو کتنوں کو مہ جبیں کہتے

ہم تو کتنوں کو مہ جبیں کہتے آپ ہیں اس لیے نہیں کہتے چاند ہوتا نہ آسماں پہ اگر ہم کسے آپ سا حسیں کہتے آپ کے پاؤں پھر کہاں پڑتے ہم زمیں کو اگر زمیں کہتے آپ نے اوروں سے کہا سب کچھ ہم سے بھی کچھ کبھی کہیں کہتے آپ کے بعد آپ ہی کہیے وقت کو کیسے ہم نشیں کہتے وہ بھی واحد ہے میں بھی واحد ہوں کس سبب سے ہم آفریں کہتے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

ہاتھ چھوٹیں بھی تو رشتے نہیں چھوڑا کرتے

ہاتھ چھوٹیں بھی تو رشتے نہیں چھوڑا کرتے وقت کی شاخ سے لمحے نہیں توڑا کرتے جس کی آواز میں سلوٹ ہو نگاہوں میں شکن ایسی تصویر کے ٹکڑے نہیں جوڑا کرتے لگ کے ساحل سے جو بہتا ہے اسے بہنے دو ایسے دریا کا کبھی رخ نہیں موڑا کرتے جاگنے پر بھی نہیں آنکھ سے گرتیں کرچیں اس طرح خوابوں سے آنکھیں نہیں پھوڑا کرتے شہد جینے کا ملا کرتا ہے تھوڑا تھوڑا جانے والوں کے لیے دل نہیں تھوڑا کرتے جا کے کہسار سے سر مارو کہ آواز تو ہو خستہ دیواروں سے ماتھا نہیں پھوڑا کرتے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

گلوں کو سننا ذرا تم صدائیں بھیجی ہیں

گلوں کو سننا ذرا تم صدائیں بھیجی ہیں گلوں کے ہاتھ بہت سی دعائیں بھیجی ہیں جو آفتاب کبھی بھی غروب ہوتا نہیں ہمارا دل ہے اسی کی شعاعیں بھیجی ہیں اگر جلائے تمہیں بھی شفا ملے شاید اک ایسے درد کی تم کو شعاعیں بھیجی ہیں تمہاری خشک سی آنکھیں بھلی نہیں لگتیں وہ ساری چیزیں جو تم کو رلائیں، بھیجی ہیں سیاہ رنگ چمکتی ہوئی کناری ہے پہن لو اچھی لگیں گی گھٹائیں بھیجی ہیں تمہارے خواب سے ہر شب لپٹ کے سوتے ہیں سزائیں بھیج دو ہم نے خطائیں بھیجی ہیں اکیلا پتا ہوا میں بہت بلند اڑا زمیں سے پاؤں اٹھاؤ ہوائیں بھیجی ہیں
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

گرم لاشیں گریں فصیلوں سے

گرم لاشیں گریں فصیلوں سے آسماں بھر گیا ہے چیلوں سے سولی چڑھنے لگی ہے خاموشی لوگ آئے ہیں سن کے میلوں سے کان میں ایسے اتری سرگوشی برف پھسلی ہو جیسے ٹیلوں سے گونج کر ایسے لوٹتی ہے صدا کوئی پوچھے ہزاروں میلوں سے پیاس بھرتی رہی مرے اندر آنکھ ہٹتی نہیں تھی جھیلوں سے لوگ کندھے بدل بدل کے چلے گھاٹ پہنچے بڑے وسیلوں سے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

ایک پرواز دکھائی دی ہے

ایک پرواز دکھائی دی ہے تیری آواز سنائی دی ہے صرف اک صفحہ پلٹ کر اس نے ساری باتوں کی صفائی دی ہے پھر وہیں لوٹ کے جانا ہوگا یار نے کیسی رہائی دی ہے جس کی آنکھوں میں کٹی تھیں صدیاں اس نے صدیوں کی جدائی دی ہے زندگی پر بھی کوئی زور نہیں دل نے ہر چیز پرائی دی ہے آگ میں کیا کیا جلا ہے شب بھر کتنی خوش رنگ دکھائی دی ہے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

دن کچھ ایسے گزارتا ہے کوئی

دن کچھ ایسے گزارتا ہے کوئی جیسے احساں اتارتا ہے کوئی دل میں کچھ یوں سنبھالتا ہوں غم جیسے زیور سنبھالتا ہے کوئی آئنہ دیکھ کر تسلی ہوئی ہم کو اس گھر میں جانتا ہے کوئی پیڑ پر پک گیا ہے پھل شاید پھر سے پتھر اچھالتا ہے کوئی دیر سے گونجتے ہیں سناٹے جیسے ہم کو پکارتا ہے کوئی
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

دکھائی دیتے ہیں دھند میں جیسے سائے کوئی

دکھائی دیتے ہیں دھند میں جیسے سائے کوئی مگر بلانے سے وقت لوٹے نہ آئے کوئی مرے محلے کا آسماں سونا ہو گیا ہے بلندیوں پہ اب آ کے پیچے لڑائے کوئی وہ زرد پتے جو پیڑ سے ٹوٹ کر گرے تھے کہاں گئے بہتے پانیوں میں بلائے کوئی ضعیف برگد کے ہاتھ میں رعشہ آ گیا ہے جٹائیں آنکھوں پہ گر رہی ہیں اٹھائے کوئی مزار پہ کھول کر گریباں دعائیں مانگیں جو آئے اب کے تو لوٹ کر پھر نہ جائے کوئی
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

درد ہلکا ہے سانس بھاری ہے

درد ہلکا ہے سانس بھاری ہے جئے جانے کی رسم جاری ہے آپ کے بعد ہر گھڑی ہم نے آپ کے ساتھ ہی گزاری ہے رات کو چاندنی تو اوڑھا دو دن کی چادر ابھی اتاری ہے شاخ پر کوئی قہقہہ تو کھلے کیسی چپ سی چمن پہ طاری ہے کل کا ہر واقعہ تمہارا تھا آج کی داستاں ہماری ہے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

بیتے رشتے تلاش کرتی ہے

بیتے رشتے تلاش کرتی ہے خوشبو غنچے تلاش کرتی ہے جب گزرتی ہے اس گلی سے صبا خط کے پرزے تلاش کرتی ہے اپنے ماضی کی جستجو میں بہار پیلے پتے تلاش کرتی ہے ایک امید بار بار آ کر اپنے ٹکڑے تلاش کرتی ہے بوڑھی پگڈنڈی شہر تک آ کر اپنے بیٹے تلاش کرتی ہے
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

بے سبب مسکرا رہا ہے چاند

بے سبب مسکرا رہا ہے چاند کوئی سازش چھپا رہا ہے چاند جانے کس کی گلی سے نکلا ہے جھینپا جھینپا سا آ رہا ہے چاند کتنا غازہ لگایا ہے منہ پر دھول ہی دھول اڑا رہا ہے چاند کیسا بیٹھا ہے چھپ کے پتوں میں باغباں کو ستا رہا ہے چاند سیدھا سادہ افق سے نکلا تھا سر پہ اب چڑھتا جا رہا ہے چاند چھو کے دیکھا تو گرم تھا ماتھا دھوپ میں کھیلتا رہا ہے چاند
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

ایسا خاموش تو منظر نہ فنا کا ہوتا

ایسا خاموش تو منظر نہ فنا کا ہوتا میری تصویر بھی گرتی تو چھناکا ہوتا یوں بھی اک بار تو ہوتا کہ سمندر بہتا کوئی احساس تو دریا کی انا کا ہوتا سانس موسم کی بھی کچھ دیر کو چلنے لگتی کوئی جھونکا تری پلکوں کی ہوا کا ہوتا کانچ کے پار ترے ہاتھ نظر آتے ہیں کاش خوشبو کی طرح رنگ حنا کا ہوتا کیوں مری شکل پہن لیتا ہے چھپنے کے لیے ایک چہرہ کوئی اپنا بھی خدا کا ہوتا
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

آنکھوں میں جل رہا ہے پہ بجھتا نہیں دھواں

آنکھوں میں جل رہا ہے پہ بجھتا نہیں دھواں اٹھتا تو ہے گھٹا سا برستا نہیں دھواں پلکوں کے ڈھانپنے سے بھی رکتا نہیں دھواں کتنی انڈیلیں آنکھیں پہ بجھتا نہیں دھواں آنکھوں سے آنسوؤں کے مراسم پرانے ہیں مہماں یہ گھر میں آئیں تو چبھتا نہیں دھواں چولھے نہیں جلائے کہ بستی ہی جل گئی کچھ روز ہو گئے ہیں اب اٹھتا نہیں دھواں کالی لکیریں کھینچ رہا ہے فضاؤں میں بورا گیا ہے منہ سے کیوں کھلتا نہیں دھواں آنکھوں کے پوچھنے سے لگا آگ کا پتہ یوں چہرہ پھیر لینے سے چھپتا نہیں دھواں چنگاری اک اٹک سی گئی میرے سینے میں تھوڑا سا آ کے پھونک دو اڑتا نہیں دھواں
مکمل کلام دیکھیں
اردو غزل

سینے میں دل کی آہٹ جیسے کوئی جاسوس چلے

سینے میں دل کی آہٹ جیسے کوئی جاسوس چلے ہر سائے کا پیچھا کرنا عادت ہے ہرجائی کی آنکھوں اورکانوں میں کچھ سناٹےسے بھرجاتےہیں کیا تم نے اڑتی دیکھی ہے ریت کبھی تنہائی کی
مکمل کلام دیکھیں

گلزار کے مضامین

0 مضامین
اس مصنف کے منظور شدہ مضامین موجود نہیں ہیں۔
App Icon
ایپ انسٹال کریں
آسان اور تیز ترین مطالعے کے لیے